بلال فرقانی
سرینگر؎// سرینگر میں بڑھتے ہوئے نکاس آب کے مسائل کے حل کیلئے حکومت نے پائین شہر کے چھتہ بل علاقے میں ایک اہم بنیادی ڈھانچے کے منصوبے کی انتظامی منظوری دے دی ہے۔ اس منصوبے کے تحت مختلف حجم کی نکاز آب لائنوں کی فراہمی اور نصب کاری کی جائے گی، ساتھ ہی مین ہولوںکی تعمیر، زوردار پائپ لائن نظام کی فراہمی، سمپ کی تعمیر اور سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تنصیب کی جائے گی۔اس منصوبے کا مقصد شہر کے بوجھل سیوریج نظام کو جدید بنانا اور نکاس آب کے مسائل کو مؤثر طریقے سے حل کرنا ہے۔ منصوبے کا تخمینہ لاگت 12.25 کروڑ روپے ہے، جو کہ خطہ کے کیپکس بجٹ (سیوریج) کے تحت مختص کیا گیا ہے۔ سری نگر شہر طویل عرصے سے ناکافی نکاس آب انفراسٹرکچر کا شکار ہے، جس کے باعث گندا پانی عوامی صحت اور ماحولیات کیلئے مسائل پیدا کرتا ہے۔ یہ نیا منصوبہ چھتہ بل کے علاقے میں ان مسائل کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا، جہاں پرانے اور ناکافی سیوریج نظام کے باعث مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ پروجیکٹ کے منظوری کے ساتھ کئی اہم شرائط میں قومی تعمیراتی ہدایات، برقی اور مکینیکل اجزا کی تکنیکی جانچ، اور ماحولیات و دیگر متعلقہ محکموں سے ضروری کلیئرنسز حاصل کرنا شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، منصوبہ شفاف ٹینڈرنگ کے عمل، نرخوں کا تجزیہ، اور مارکیٹ سروے سے گزرتا ہوا مکمل کیا جائے گا تاکہ لاگت میں کفایت پیدا کی جا سکے۔