فیاض بخاری
بارہمولہ// ضلع بارہمولہ کے نورکھاہ بونیار علاقے میں ایک نایاب جنگلی جانور، مارخور کو دیکھا گیا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق، لوگوں نے اس جانور کو ایک نالے کے قریب دیکھا اور فوراً حکام کو اطلاع دی۔
پولیس اور وائلڈ لائف حکام کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب اس علاقے میں مارخور دیکھا گیا ہے۔ ان کا خیال ہے کہ یہ جانور سرحد پار سے یہاں پہنچا ہو سکتا ہے۔
مارخور کو محفوظ طریقے سے پکڑنے کی کوششیں جاری ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔ حکام نے مقامی لوگوں کو اس مقام سے دور رہنے کی ہدایت دی ہے۔
مارخور، جو ایک نایاب نسل ہے، وسطی اور جنوبی ایشیا کے پہاڑی علاقوں بشمول پاکستان، افغانستان، ہندوستان، تاجکستان، ترکمانستان، اور ازبکستان میں پایا جاتا ہے۔