عاصف بٹ
کشتواڑ// بدھ کی شام کشتواڑ ضلع کے ڈنگڈورو علاقہ میں کمپنی سے منسلک گاڑی کو پیش آئے حادثے کے بعد انتظامیہ نے اس معاملے میں مجسٹریل انکوائری کے احکامات صادر کئے ہیں۔ ضلع ترقیاتی کمشنر راجیش کمار کی جانب سے جاری حکم نامہ کے مطابق4دسمبرکو ڈنگڈورو پر ایک حادثہ پیش آیا جس میں 2افراد جان کی بازی ہار گئے اور 12دیگرزخمی ہوئے جبکہ واقعہ کے دوران دیکھا گیا کہ حالات فرقہ وارانہ ہو گئے اور کچھ شرپسند عناصر کی طرف سے ہسپتال کی تالہ بندی کی گئی جبکہ بعض عناصر نے نعرے بازی کی اور ناشائستہ الفاظ استعمال کئے ،نیز ہسپتال کے عملے کو فرائض کی انجام دہی سے روکا۔ چند لوگوں کی طرف سے یہ الزام لگایا گیا تھا کہ حادثہ کمپنی کی کوتاہی کی وجہ سے پیش آیا جبکہ مذکورہ بالا کے علاوہ پولیس پوسٹ انچارج کے کام کے خلاف بھی کچھ آوازیں اٹھیں، اس لیے مذکورہ بالا کو دیکھتے ہوئے اور حقائق اور اگر کوئی غلطی ہوئی ہے تو اس کا پتہ لگانے کے لیے اے سی آر، جو اے ڈی ایم کشتواڑ بھی ہے، کےزیرنگرانی مجسٹریل انکوائری کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ انکوائری مجسٹریٹ اسے ایک ماہ کی مدت میں مکمل کرے گا اور رپورٹ پیش کرینگے۔