یو این آئی
نئی دہلی//وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے مالی سال 2025-26 کے عام بجٹ کی تیاریاں شروع کر دی ہیں اور اس کے لیے انہوں نے جمعہ کو یہاں ماہرین اقتصادیات کے ساتھ پہلا پری بجٹ ڈسکشن کیا۔وزارت خزانہ نے ایکس پریہ معلومات دیتے ہوئے کہا کہ سیتا رمن نے کل یہاں آنے والے مرکزی بجٹ 2025-26 کے حوالے سے سرکردہ ماہرین اقتصادیات کے ساتھ پہلی پری بجٹ مشاورتی میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں وزیر خزانہ کے ساتھ مرکزی وزیر مملکت برائے خزانہ پنکج چودھری، فنانس سکریٹری اورڈپم سکریٹری، محکمہ اقتصادی امور کے سکریٹری اور حکومت ہند کے چیف اکنامک ایڈوائزر نے بھی شرکت کی۔میٹنگ میں حصہ لینے والے ماہرین اقتصادیات میں مدراس انسٹی ٹیوٹ آف ڈیولپمنٹ اسٹڈیز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سریش بابو، سینٹر فار ڈیولپمنٹ اسٹڈیز کے پروفیسر اور ڈائریکٹر پروفیسر سی ویرامانی، موتی لال اوسوال کے چیف اکانومسٹ نکھل گپتا، سٹی گروپ کے چیف اکانومسٹ سمیرن چکرورتی، نیشنل ایگریکلچر اینڈ رورل ڈیولپمنٹ بینک کے چیف اکانومسٹ ایس پٹنائک، ، آئی ڈی ایف سی فرسٹ بینک کی چیف اکانومسٹ گورا سین گپتا، اشوکا یونیورسٹی کے اکنامکس پروفیسر بھرت رامسوامی وغیرہ موجود تھے ۔