عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ڈپٹی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما نے اے آر ٹی او (اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر) کے دفتر کا اچانک معائنہ کیا۔معائنہ کے دوران کچھ افراد سرکاری کمروں کے اندر پائے گئے، جس سے حساس جگہ تک غیر مجاز رسائی کے بارے میں سنگین تشویش پیدا ہو ئی جبکہ اس دوران آفیسر موصوف نے ایک قریبی کمپیوٹر شاپ کو اس کے احاطے میں اے آر ٹی او آفس سے متعلق دستاویزات برآمد ہونے کے بعد سیل کر دیا گیا۔فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے فوری طور پر تادیبی کارروائی شروع کرنے اور معاملے کی تفصیلی انکوائری کا حکم دیا۔ انکوائری کا مقصد دفتری عملے کی طرف سے غلطیوں، اگر کوئی ہے، اور سرکاری دستاویزات کو سنبھالنے میں بیرونی فریقوں کی شمولیت کی نشاندہی کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ ’’انتظامیہ اس بات کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے کہ عوامی دفاتر دیانتداری اور احتساب کے اعلیٰ ترین معیارات کو برقرار رکھیں۔ ان اصولوں کی کسی بھی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا، اور قصوروار پائے جانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے مستقبل میں سرکاری دفاتر اور دستاویزات تک غیر مجاز رسائی کو روکنے کے لئے سخت پروٹوکول کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ انکوائری سے متعلق تفصیلات اور اس کے بعد کی کارروائیوں کو تحقیقات مکمل ہونے کے بعد عوام کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔