محمد تسکین
بانہال//سڑکوں پر خاص کر جموں کشمیر فومی شاہراہ پر ٹریفک قوانین کی عمل آوری اور سڑک حادثات سے بچنے کیلئے جموں و کشمیر ٹریفک پولیس نے ڈگری کالج بانہال اور این سی سی کیڈٹس کے اشتراک سے قصبہ بانہال میں ایک جانکاری ریلی کا انعقاد کیا جس میں لوگوں کو ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہی دی گئی۔ اس موقع پر ڈی ایس پی ٹریفک بانہال ایس پی سنگھ اور پروفیسر بہار احمد میر کے علاوہ معزز شہریوں ، ڈرائیوروں اور کالج کے طالب علموں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی ۔ ٹریفک اور کالج حکام نے لوگوں خصوصاً گاڑی والوں سے مخاطب ہوکر اس بات پر زور دیا کہ وہ سڑک حادثات سے بچنے اور سڑک حادثات کو کم کرنے کیلئے موٹر وہیکلز اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کریں اور بغیر ڈرائیونگ لائیسنس اور بغیر ہیلمٹ کے ہرگز سفر نہ کریں ۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے کم عمر بچوں کو جموں سرینگر قومی شاہراہ اور لنک روڈوں پر موٹر سائیکل ، سکوٹی اور کار وغیرہ دینے سے اجتناب کریں کیونکہ ماضی میں بانہال کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر کے طول و عرض میں نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد تیز رفتاری ، بغیر ہیلمٹ اور بغیر لائسنس کے حادثے کا شکار ہوکر لقمہ اجل ہوئے ہیں اور کنبوں کے کنبوں اور اپنے پیاروں کو عمر بھر کیلئے دکھ وتکلیف دے گئے ہیں جبکہ درجنوں زخمی افراد ہسپتالوں اور گھروں میں زیر علاج ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کم عمر بچوں کو گاڑی دینے کے جرم میں ان کے والدین کو نئے قوانین کے تحت سزا مل سکتی ہے بلکہ والدین کی ان غلطیوں سے انہیں عمر بھر کا پچھتاوا بھی رہتا ہے۔اس سلسلے میں ڈی ایس پی ٹریفک نیشنل ہائے وے بانہال ایس پی سنگھ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس جانکاری مہم کا مقصد سکولوں ، کالجوں اور این سی سی سے وابستہ بچوں کو ٹریفک کی جانکاری کا حصہ بنا کر ٹریفک قوانین اور بہتر ٹریفک نظام کا ماحول بنانے کا ایک پیغام گھر گھر پہنچانا تھا تاکہ لوگ اپنے کم عمر اور بغیر ڈرائیونگ لائسنس کے بچوں کو اپنی گاڑیں نہ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس کی طرف سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے جرم میں کاروائیاں روز کا معمول ہے لیکن اس سے بہتر تھا کہ عام لوگ خاص کر گاڑی والے لوگ خود ہی موٹر وہیکلز اور ٹریفک قوانین کی پاسداری کرکے اچھے شہریوں کا ثبوت دیں۔انہوں نے کہا کہ پچھلے چند ہفتوں کے دوران جموں سرینگر قومی شاہراہ پر واقع صرف بانہال زون کے علاقوں میں ہی ٹریفک قوانین کی مختلف خلاف ورزیوں میں ملوث گاڑی والوں کے خلاف 1318چالان درج کئے گئے ہیں جن میں ای کمپائونڈ کے 600 چالان اور ای کورٹ کے 717چالان بھی شامل ہیں ۔ ڈپٹی سپرانٹنڈنٹ ٹریفک ایس پی سنگھ نے مزید بتایا کہ اس دوران خاطی ڈرائیوروں سے 310200روپئے کی رقم کے جرمانے بھی عائد کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہی ریلوے سٹیشن بانہال اور شاہراہ کے مختلف مقامات پر تمام مسافر گاڑی والوں اور ڈرائیوروں کو مطلع کیا گیاہےکہ وہ اپنے تمام اہم کاغذات بشمول فٹنس اور انشورنس لیکر ہی شاہراہ پر آئیں اور مختلف مسافر گاڑیوں میں مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش سے زیادہ مسافروں کو گاڑیوں میں سوار نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی ڈرائیور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا اس کے خلاف ٹریفک ضابطہ قانون کے مطابق کاروائی کی جائے گی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔