عشرت حسین بٹ
منڈی// بدھ کی صبح سے ہی ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے بائیلہ فتح پور علاقہ میں ایک ریچھ گوم رہا تھا جس کے حملے میں فتح پور کنال سے تعلق رکھنے والا ایک شخص زخمی ہو گیا ۔ذرائع کے مطابق بدھ کو تحصیل منڈی کے بائیلہ اور فتح پور علاقہ میں صبح سے ایک ریچھ انسانی بستیوں میں آگیا تھا جس کی وجہ سے ایک مقامی شہری کو ریچھ نے زخمی کیا اور ایک خاتون کو بھی ریچھ نے معمولی طور پر زخمی کیا ہے زخمی شخص کا تعلق فتح پور کے کنال علاقہ سے ہے جس کی شناخت بشارت حسین ولد ذاکر حسین سکنہ کنال فتح پور کے طور پر ہوئی جسے مقامی لوگوں کی مدد سے علاج کے لئے سب ضلع ہسپتال منڈی لایا گیا جہاں وہ زیر علاج ہے ۔مقامی لوگوں کے مطابق بعد ازاں محکمہ وائلڈ لائف کی ٹیم اور مقامی لوگوں نے ریچھ کو پکڑ لیا۔ اس دوران منڈی کے ان تمام علاقوں میں سخت ترین خوف وہراس پایا جا رہا تھا اور عوام اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے تھے۔ عوام نے اس موقع پر کہا کہ محکمہ وائلڈ لائف کو چاہیے کہ وہ جنگلی جانوروں کو جنگل کی طرف دھکیلنے کے لئے سنجیدہ اقدامات کریں تاکہ انسانوں کی جان مال کا ان جنگلی جانوروں سے تحفظ ہو سکے۔