معاشی ترقی اور روزگار کیلئے متحرک صنعتیںناگزیر: نائب وزیر اعلیٰ | محکمہ صنعت و حرفت کے کام کاج کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کی صدارت

Towseef
3 Min Read

عظمیٰ نیوز سروس

جموں//نائب وزیراعلیٰ سریندر کمار چودھری نے منگل کو کہا کہ سماجی و اِقتصادی ترقی کے لئے ایک متحرک صنعتی شعبہ ناگزیر ہے اور اس کو فروغ دینے کے لئے اَقدامات کئے جارہے ہیں۔ اِن باتوں کا اِظہار نائب وزیر اعلیٰ نے منگل کو محکمہ صنعت و حرفت کے کام کاج کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ جائز ہ میٹنگ کے دورا ن اَفسروںسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ میٹنگ میں ڈائریکٹر صنعت و حرفت جموں ڈاکٹر ارون منہاس، جوائنٹ ڈائریکٹر صنعت و حرفت جموں، صوبہ جموں کے جنرل منیجروں اور دیگر سینئر اَفسران موجود تھے ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے صنعت میں مقامی نوجوانوں کی روزگار کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ شعبہ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے والے بڑے اِداروں میں سے ایک بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اُنہوں نے اَفسروں کو ہدایت دی کہ جموں و کشمیر کی تمام صنعتی علاقوں اور صنعتوں میں مقامی نوجوانوں کی زیادہ سے زیادہ روزگار کو یقینی بنایا جائے۔ اُنہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ صنعتی یونٹوں کے قیام کے لئے وضع کردہ ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کریں۔ اُنہوں نے افسران سے کہاکہ وہ اِنڈسٹریل اسٹیٹس کا باقاعدگی سے معائینہ کریں تاکہ کام کے حالات اور ماحولیاتی مسائل کے پیش نظر کوئی خلاف ورزی نہ ہو۔ اُنہوں نے جموں و کشمیر کے نازک ماحولیاتی نظام کو مدنظر رکھتے ہوئے ماحولیاتی خدشات کی تعمیل کرنے کی بھی ہدایت دی۔ اِس سے قبل ڈائریکٹر صنعت و حرف ارون منہاس نے محکمہ صنعت کی جانب سے عملائی جارہی مختلف سکیموں کا جائزہ پیش کیا۔ بعد ازاں، آل جموں و کشمیر پٹوار ایسوسی ایشن کے ایک وفد جس میں ضلع صدر کشتواڑ، ضلع صدر پونچھ، ضلع صدر راجوری اور پٹوار ایسوسی ایشن یو ٹی جموں و کشمیر کے دیگر ایگزیکٹیو ممبران شامل تھے، نے بھی نائب وزیراعلیٰ سے ملاقات کی اور پٹوار ایسوسی ایشن کے مطالبات کی یادداشت پیش کی جس میں گریڈ پے، پٹوار حلقوں کی حد بندی اور نئے گرداور سرکلوںکی تشکیل، صوبہ جموں میں ڈی پی سی اور دیگر متعلقہ مطالبات شامل ہیں۔ تحلیل شدہ ’’سیلف ہیلپ گروپ آف انجینئرزسکیم (ایس ایچ جی ای ایس) ‘‘کے تحت کام کرنے والے اِنجینئروں کی ایک اور وفد نے سکیم کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔

Share This Article