عاصف بٹ
کشتواڑ// ضلع کشتواڑ کے تعلیمی زون اندروال میں ملازمین کی جانب سے مقررہ اوقات کار سے پہلے ڈیوٹی چھوڑنے کے معاملے پر زونل ایجوکیشن آفیسر (زیڈ ای او) نے سخت نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔ زیڈ ای او کی جانب سے جاری حکم نامے میں بتایا گیا کہ زون کے ملازمین کی تنخواہوں کے اجرا کے لیے جب ان کی فیس ایپ حاضری کا جائزہ لیا گیا تو یہ انکشاف ہوا کہ کئی ملازمین نہ تو وقت پر ڈیوٹی شروع کر رہے ہیں اور نہ ہی شام تک اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ اس معاملے پر زیڈ ای او نے ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام ملازمین صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک اپنے متعلقہ اسکولوں میں موجود رہیں۔ کسی بھی قسم کی غفلت یا خلاف ورزی کی صورت میں ان کی غیر حاضری کا ریکارڈ مرتب کیا جائے گا اور ان کے چھٹی والے اکاؤنٹ سے تنخواہ کاٹی جائے گی۔ مزید، اعلیٰ حکام کے سامنے وضاحت کے لیے طلب بھی کیا جا سکتا ہے۔ زیڈ ای او نے واضح کیا کہ وقت سے پہلے دفتر یا سکول چھوڑنے والے ملازمین کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ مقامی لوگوں نے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے ملازمین کے خلاف مؤثر اقدامات کیے جائیں جو اپنے فرائض میں کوتاہی برت رہے ہیں۔