جموں و کشمیر کا محکمہ ماہی پروری قومی سطح پر اعزاز سے سرفراز

Mir Ajaz
2 Min Read

کہا، حکومت جموں و کشمیر میں فش فارمنگ کو فروغ دینے کیلئے پُرعزم

جموں// وزیر برائے محکمہ زرعی پیداوار ،دیہی ترقی وپنچایتی راج (آر ڈی اینڈ پی آر) جاوید احمد ڈار نے پیر کو جموں و کشمیر ماہی پروری محکمہ کی شاندار کامیابیوں کے لئے سراہا۔ جموں و کشمیر کے محکمہ فشریز کو جموں و کشمیر میںمچھلیوں اور ماہی پروری کو فروغ دینے میں مثالی کام کے لئے دو باوقار قومی اعزازات ملے ہیں۔ ڈائریکٹر فشریز جموں و کشمیر عبدالمجید ٹاک نے ایوارڈ وصول کئے جس میں ملک کے تمام یوٹیز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے یوٹی کے طور پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے کے لئے ٹرافی اور میرٹ سر ٹیفکیٹ شامل تھا، محکمہ کو کولگام ضلع کے لئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والا ڈِسٹرکٹ ایوارڈبھی ملا۔ یہ ایوارڈ 21 ؍نومبر2024 ء کو نئی دہلی میں قومی سطح پر منائے گئے ماہی گیری کے عالمی دِن کے موقعے پر دئیے گئے تھے۔ اِس تقریب کا اِفتتاح اور صدارت مرکزی وزیر برائے ماہی پروری، مویشی پروری اور ڈیری راجیو رنجن سنگھ نے کی۔دریں اثنا ،جاوید احمد ڈار نے ڈائریکٹر فشریز کو قومی ایوارڈ حاصل کرنے پر مُبارک باد دی اور حکومتی سکیموں کو نچلی سطح پر عوام تک پہنچانے کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ وزیر موصوف نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت جموں و کشمیر میں فش فارمنگ کو فروغ دینے سے بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔ اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ ماہی گیروں کی آمدنی بڑھانے، ماہی گیر کمیونٹی کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے اور بے روزگار نوجوانوں کے لئے روزگار کے مزید مواقع پیدا کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ جاویداحمد ڈار نے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ حکومتی سکیموں سے فائدہ اُٹھائیں اور اَپنی پیداوار کی منافع بخش قیمت حاصل کریں۔ ڈائریکٹر فشریز نے کہا کہ یہ کامیابی وزیر جاوید احمد ڈار کی قیادت اور پرنسپل سیکرٹری اے پی ڈی شیلندر کمار کی رہنمائی سے ممکن ہوا ہے۔

Share This Article