عظمیٰ نیوز سروس
کولگام// ڈپٹی کمشنر کولگام اطہر عامر خان نے کل ڈسٹرکٹ فش فارم چانسر کا ایک وسیع دورہ کیا تاکہ اس سہولت کے آپریشنز اور کامیابیوں کا جائزہ لیا جا سکے۔دورے کے دوران بتایا گیا کہ یہ یونٹ سالانہ تقریباً 6 لاکھ جدید ٹراؤٹ مچھلی کے بیج تیار کرتا ہے۔ یہ بیج ضلع میں سرکاری اور پرائیویٹ مچھلی فارمنگ یونٹس کی ضروریات پوری کرتے ہیں۔ضلع کو مچھلی کی پیداوار کے ایک مرکز کے طور پر پہچانا جاتا ہے، جو تقریباً 155 سرکاری اور پرائیویٹ فش فارموں سے 200 میٹرک ٹن سالانہ پیداوار حاصل کرتا ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ ضلع کولگام کو حال ہی میں حکومت ہند نے ماہی گیری کے شعبے میں ہندوستان کے مرکز کے زیر انتظام علاقوں (UTs) میں سب سے بہترین ضلع قرار دیا ہے اور اس سے نوازا ہے۔یہ اعزاز بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور اعلیٰ معیار کی مچھلی کی پیداوار میں ضلع کی نمایاں کامیابیوں کو اجاگر کرتا ہے، جو پردھان منتری متسیا سمپدا یوجنا (PMMSY) اور ہولیسٹک ایگریکلچر ڈیولپمنٹ پروگرام (HADP) جیسی اہم اسکیموں کے موثر نفاذ کے ذریعے سہولت فراہم کرتا ہے۔