محمد تسکین
بانہال // جموں سرینگر قومی شاہراہ پر واقع میونسپل کمیٹی بانہال کے ملازمین نے ایگزیکٹو آفیسر ذوالفقار علی ملک اور ٹیکس انسپکٹر بہار احمد گیری کی سبکدوشی پر ایک پروقار الوداعی تقریب کا اہتمام کیا۔ تقریب میں میونسپل کمیٹی کے مستقل اور ڈیلی ویجر ملازمین نے شرکت کی۔ مقررین نے ایگزیکٹو آفیسر ذوالفقار علی ملک کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں ایک فرض شناس، محنتی اور ملازم دوست افسر قرار دیا۔ ان کی دو سالہ خدمات کے دوران ان کے انتظامی امور اور وقت کی پابندی کی تعریف کی گئی۔ ضلع ڈوڈہ کے ٹھاٹھری سے تعلق رکھنے والے ذوالفقار علی نے 1991 میں محکمہ بلدیہ میں شمولیت اختیار کی اور اپنی پہلی تعیناتی میونسپل کمیٹی بانہال میں ہی کی تھی۔ 33 سالہ ملازمت کے دوران مختلف مقامات پر خدمات انجام دینے کے بعد وہ دوبارہ بانہال میں دو سال سے ایگزیکٹو آفیسر کی حیثیت سے تعینات تھے اور آج یہاں سے سبکدوش ہوئے۔ اسی طرح ٹیکس انسپکٹر بہار احمد گیری بھی اپنی ملازمت سے سبکدوش ہو گئے۔ ان کے ساتھی ملازمین نے ان کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا اور بعد میں انہیں ان کے گھر واقع بنکوٹ تک پہنچا کر الوداع کیا۔ تقریب کے اختتام پر ملازمین نے اپنے افسران کو تحائف پیش کیے اور ان کی خدمات کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر میونسپل کمیٹی بانہال کے تمام ملازمین موجود تھے۔