ایس آر ٹی سی بس سروس لگا کر دور افتادہ علاقہ کے لوگوں کو سہولیات پہنچانے کا مطالبہ
جاوید اقبال
مینڈھر// سب ڈویژن مینڈھر کے علاقہ سلوا ہ،پٹھانہ تیر اور کالابن میں جانے والی بس سروس کو متعلقہ یونین کی جانب سے بند کئے جانے کے بعد عام لوگوں کو روزانہ کی بنیادوں پر شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ بس سروس کو نامعمول وجوہات کی بنیاد پر بند کردیا گیا تھا جس کے بعد اس کی بحالی کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا ۔مکینوں نے بتایا کہ کچھ عرصہ گورنمنٹ کی گاڑی علاقہ کے اندر جاتی رہی جو کہ کالابن سے جموں جاتی تھی اور لوگ آرام سے سفر کرتے تھے لیکن اْس کو بند کرنے کے بعد ٹرانسپورٹ یونین نے سیول بس بھی بند کر دی جو لوگوں کے ساتھ سرا سر ناانصافی ہے اور اب صرف ایک وسیع علاقہ کو ٹا ٹا سومو گاڑیوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے جن کی وجہ سے عام لوگوں کی مشکلات اور پیچیدگیاں مزید بڑ ھ گئی ہیں ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ بس سروس کی عدم دستیابی کی وجہ سے ٹاٹا سومو گاڑیوں کے مالکان و ڈرائیوروں کی جانب سے من مرضی کا کرایہ وصول کیاجارہا ہے جو کہ ہر ایک شخص کیلئے پریشانی کا باعث ہے ۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ اِس سے قبل بھی انہوں نے بس کے معاملہ کو لے کر انتظامیہ کے علاوہ ٹرانسپورٹ یونین کے ساتھ بات کی لیکن اس وقت تک کوئی عملی قدم نہیں اٹھایاگیا جس کی وجہ سے عام لوگوں کیساتھ ساتھ طلباء کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔مقامی لوگوں نے جموں وکشمیر حکومت کیساتھ ساتھ متعلقہ حکام سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جلدازجلد علاقہ میں سرکاری بس کیساتھ ساتھ سیول بس سروس لگائی جائے تاکہ غریبوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے ۔