سمت بھارگو
راجوری//اتوار کو ایک نوزائیدہ بچے کی لاش گور نمنٹ میڈیکل کالج کے ایسوسی ایٹڈ ہسپتال کے سامنے پڑی ہوئی ملی جس کے بعد پولیس نے معاملے کی تحقیقات اور قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔حکام نے بتایا کہ کچھ راہگیروں نے راجوری میں جی ایم سی ایسوسی ایٹڈ ہسپتال کے سامنے ایک نوزائیدہ بچے کی لاش کوڑے کے ڈھیر میں پڑی دیکھی جس کے بعد پولیس کی ایک ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی۔پولیس حکام نے بتایا کہ نوزائیدہ بچے کی لاش کو جائے وقوعہ سے تحویل میں لے لیا گیا، بعد ازاں اُسے ہسپتال کے مردہ خانے میں منتقل کر دیا گیا جہاں طبی اور قانونی کارروائیاں کی گئیں۔حکام نے بتایا کہ مقامی پولیس اسٹیشن میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔بچہ، جس کی لاش برآمد ہوئی ہے، خیال کیا جاتا ہے کہ اس کی پیدائش صرف 24 گھنٹے پہلے ہوئی تھی اور شبہ ہے کہ وہ قبل از وقت پیدا ہونے والا بچہ ہے۔