ایچ آئی وِی سے متاثرہ ہرفرد کو عز ت کے ساتھ جینے کا حق :عابد رشید | سیکرٹری صحت و طبی تعلیم کا ایڈز کے عالمی دِن کی تقریبات سے خطاب

Towseef
5 Min Read

عظمیٰ نیوزسروس

جموں//سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ نے کہا ہے کہ ایچ آئی وی سے متاثرہ ہر شخص کو باوقار زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے اور بطورِ معاشرہ ہمیں اُن کے لئے افہام و تفہیم، ہمدردی اور مدد کا ماحول پیدا کرنے کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا۔اُنہوں نے اِن باتوں کا اِظہار جموں و کشمیر ایڈز کنٹرول سوسائٹی کے زیر اہتمام کنونشن سینٹر میں ایڈز کے عالمی دن کی تقریبات کے موقعے پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اِس موقعہ پر پروجیکٹ ڈائریکٹر جے کے اے سی ایس، پرنسپل جی ایم سی جموں، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں، ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن نیو جی ایم سیز، ڈائریکٹر کالجز جموں و کشمیر، جموں کے مختلف کالجوں اور نرسنگ اِداروں کے پرنسپل، این جی اوز کے ممبران، ایڈز فائٹرز اور جموں کے مختلف اِداروں کے طلبأ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ڈاکٹر عابد رشید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال اس دن ہم ایڈز کے عالمی دن کے موقعہ پر تقریبات کا اِنعقاد کرتے ہیں اور اِن اِجتماعات سے ہمارے معاشرے بالخصوص نوجوان آبادی میں شعور پیدا کرنا چاہیے۔اُنہوںنے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ہمارے معاشرے میں ایچ آئی وی ، ایڈز کے بارے میں شعور اُجاگر کرنے کی ضرورت ہے اور ہم سب کو ایچ آئی وی پازیٹو لوگوں سے جڑے بدنما داغ کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ اُنہوںنے کہا کہ ایچ آئی وی سے متاثرہ شخص جذباتی اور معاشرتی طور پر بھی متاثر ہوتا ہے اور ان کی زندگی کو کچھ بہتر بنانا ہمارا فرض ہے۔ ایچ آئی وِی کے ساتھ رہنے والے لوگوں کی مدد بہت ضروری ہے اور کمیونٹی کی سطح پر ان کی مدد کرنا وقت کی ضرورت ہے۔سیکرٹری موصوف نے ایچ آئی وی، ایڈز میں مبتلا افراد کو درپیش بدنامی اور امتیازی سلوک کو کم کرنے میں تعلیم اور عوامی بیداری کے اہم کردار پر زور دیا۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ایچ آئی وِی سے متاثرہ اَفراد کے لئے علاج تک رسائی بہت اہم ہے اور کسی کو بھی بنیادی علاج سے محروم نہیں ہونا چاہیے۔اُنہوں نے کہا کہ صحت عامہ کے حکام، تعلیمی اداروں، غیر سرکاری تنظیموں اور مقامی کمیونٹیوںکے درمیان مسلسل تعاون اس وائرس کی روکتھام کے پروگراموں کو مضبوط بنانے اور نئے انفیکشن کو کم کرنے کے لئے انتہائی اہم ہے۔اُنہوں کہا ،’’ اس چیلنج کا مقابلہ محکمہ صحت کے منتخب اَفراد کے ذریعے نہیں بلکہ متحد قوت کے طور پر مل کر کیا جا سکتا ہے۔‘‘اِس موقعہ پر سیکرٹری موصوف نے مختلف نرسنگ کالجوں کے طلبأ کو پینٹنگز اور دیگرآرٹ کے ذریعے ایچ آئی وِی کے مختلف پہلوؤں کو اُجاگر کرنے پر بھی سراہا۔پروجیکٹ ڈائریکٹر جے کے اے سی ایس ڈاکٹر عبدالرئوف بٹ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دِن ایچ آئی وِی کے خلاف جنگ کے لئے متحد ہونے اور اس وائرس سے متاثرہ اَفراد کے لئے کچھ کرنے کا موقعہ ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اس سال ایڈز کے عالمی دن کا موضوع ’’حقوق کا راستہ اِختیار کریں‘‘ ایڈز سے متاثرہ اَفراد کے حقوق کی ضرورت کی نشاندہی کرتا ہے۔اَپنے اِستقبالیہ خطاب میں آئی ای سی سرگرمیوں کی انچارج ڈاکٹر مونیکا ولی نے کہا کہ یہ اہم موقعہ ہمیں اس عالمی وبا سے لڑنے کے لئے اَپنے عزم کا اعادہ کرنے کے لئے اکٹھا ہونے کا موقعہ فراہم کرتا ہے۔اس موقع پر مختلف طلباء نے شاندار ڈرامہ پیش کیا جس میں اس بات پر روشنی ڈالی گئی کہ اس خوفناک وائرس سے لڑنے کے لیے آگاہی ضروری ہے۔اِس موقعہ پر مختلف طلبأنے شاندارڈرامہ پیش کیا۔اِس سے قبل ڈاکٹر سیّدعابد رشیدشاہ نے محکمہ صحت کے مختلف وِنگوں کی طرف سے ایچ آئی وی ایڈز سے متعلق بیداری، ٹی بی آگاہی، آیوش اَدویات، انیمیا مکت بھارت سروسز، ٹیلی مانس سروسز اور دیگر موضوعات پر لگائے گئے بیداری بوتھوں کا معائینہ کیا۔

Share This Article