عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //ڈویژنل کمشنر کشمیر وی کے بیدھوری نے کہا ہے کہ انتظامیہ نے’ لا نینا‘ کے سرد ہوائوں کے دبائو کے پیش نظر متوقع حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے موسم سرما کے لیے بجلی کی فراہمی میں نمایاں بہتری لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ کٹوتی شیڈول میں نظر ثانی کی جائیگی۔سری نگر میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے، بیدھوری نے روشنی ڈالی کہ انتظامیہ’ لا نینا‘ کے رجحان سے بخوبی واقف ہے اور اس کے لیے پچھلے سال سے تیاری کر رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ “ہم پہلے ہی’ لا نینا کی آمد کی توقع کر رہے تھے، اور اس سال ہماری تیاریاں بہت بہتر رہی ہیں۔”بیدھوری نے یہ بھی بتایا کہ کشمیر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ(کے پی ڈی سی ایل)بجلی کی فراہمی میں کم سے کم رکاوٹوں کو یقینی بنانے کے لئے کٹوتی کے شیڈول پر سرگرمی سے کام کر رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں امید ہے کہ بجلی کی کٹوتی گزشتہ سال کے مقابلے میں کم ہوگی۔اس سال متوقع سخت سردی کی روشنی میں، بیدھوری نے صارفین سے خاص طور پر ٹرانسفارمر کی خرابی کے دوران تعاون کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے بجلی کے مسائل کو سنبھالنے کے لیے عارضی یا خام آلات کے استعمال کے خلاف بھی مشورہ دیا، کیونکہ یہ صورت حال کو مزید خراب کر سکتے ہیں۔ڈویژنل کمشنر نے مژھل واقعے کے حوالے سے خدشات کو بھی دور کیا اور یقین دلایا کہ تحقیقات جاری ہیں اور حکام ایسے واقعات کو دوبارہ رونما ہونے سے روکنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔