عظمیٰ سپورٹس ڈیسک
نئی دلی //ہندوستانی کرکٹ کے لیے آج ایک بڑا دن ہے۔ آج یعنی 1 دسمبر سے بی سی سی آئی کے سابق سیکریٹری جے شاہ اب آئی سی سی کے لئے چیئرمین کے عہدے پر فائز ہونے جا رہے ہیں۔ رواں سال کے اگست ماہ میں جے شاہ کو متفقہ طور پر آئی سی سی کا نیا چیئر مین منتخب کر لیا گیا تھا۔ جے شاہ سے قبل اس عہدے پر گریگ بارکلے سال 2020 سے براجمان تھے۔ جے شاہ نے چارج سنبھالنے سے قبل ہی یہ اعلان کیا کہ سال 2028 لاس اینجلس اولمپکس میں کرکٹ کا کامیاب انعقاد اور خواتین کی کرکٹ کو فروغ دینا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔جے شاہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں چیئرمین کا عہدہ سنبھال کر فخر محسوس کر رہا ہوں، آئی سی سی کے سبھی ڈائریکٹرز اور بورڈ ممبران کے تعاون کے لیے ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ہم 2028 لاس ایجنلس اولمپکس کی جانب آگے بڑھ رہے ہیں اور یہ سفر کافی یادگار رہنے والا ہے۔ ہم عالمی سطح پر شائقین کے لیے کرکٹ کےکھیل کو مزید پرلطف بنانے کی کوشش کریں گے۔ کرکٹ میں کئی سارے فارمیٹس ہیں اور ہمیں خواتین کی کرکٹ کو بھی ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔ ساتھ ہی انہوں نے سابق آئی سی سی چیئرمین بارکلے کے تعاون بھی کو سراہا اور ان کی جم کر تعریف کی۔قابل ذکر ہے کہ جے شاہ نے آئی سی سی کا سفر چند دنوں میں طئے نہیں کیا اس کے پیچھے ان کی 16 سالہ جفاکش محنت اور بہترین تجربہ ہے۔ انہوں نے محض 21 سال کی عمر میں کرکٹ مینجمنٹ اور ایڈمنسٹریشن کی دنیا میں سال 2009 میں قدم رکھا تھا۔ وہ گجرات کرکٹ ایسوسی ایشن میں بورڈ ممبر کے طور پر 4 سال خدمات انجام دیں۔ سال 2013 میں انہیں جی سی اے کا جوائنٹ سیکریٹری بننے کا موقع ملا۔ سال 2015 میں انہیں فنانس اور مارکیٹنگ کا ممبر بن کر بی سی سی آئی میں داخلے کا موقع ملا۔ سال 2019 میں انہوں نے سی جی اے کے جوائنٹ سکریٹری کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا کیونکہ اسی سال وہ بی سی سی آئی کے سیکریٹری کے عہدے پر فائز ہوئے۔ سال 2019 سے لے کر آئی سی سی کے چیئرمین بننے تک اسی عہدے پر فائز رہے۔ ساتھ ہی وہ ایشین کرکٹ کاؤنسل کے صدارتی عہدے پر بھی فائز ہیں۔