عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کشمیر میں موسم کے انداز میں نمایاں تبدیلیوں کے ساتھ سخت موسم سرما کی آمد کے آثار دکھائی دینے لگے ہیں۔ مرکزی محکمہ موسمیات کے مطابق، جس نےLa Niña کی پیش گوئی کی ہے، کہا ہے کہ یہ خطہ اس موسم سرما میں شدید بارش اور طویل سردی کے ساتھ سخت موسمی حالات کا سامناکرے گا۔آئی ایم ڈی کے مطابق جموں و کشمیر میں صبح کے وقت دھند چھائی رہے گی اور زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت میں بتدریج کمی واقع ہوتی جائے گی ۔سرینگر موسمی سٹیشن کے سربراہ ڈاکٹر مختار نے کہا کہ La Niñaکے موسمی اثرات کا آغاز، اس سال کشمیر کے علاقے میں سرد اور معمول سے زیادہ بارش کی پیش گوئی کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ لا نینا کے اثرات اس سال دسمبر کے وسط سے شروع ہونے کا امکان ہے جس میں شدید بارش اور سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔لا نینا ایک قدرتی آب و ہوا کا وقوع ہے جو بحر الکاہل میں واقع ہے۔ یہ وسطی اور مشرقی استوائی بحر الکاہل میں سمندر کی سطح کے اوسط سے زیادہ ٹھنڈے درجہ حرارت کی خصوصیت رکھتا ہے،جو پوری دنیا میں موسمی نظام کو نمایاں طور پر متاثر کرتی ہے۔ اس سے کشمیر اور شمالی ہندوستان کے کچھ حصوں میں سردی اور بارش کے اثرات میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ ڈاکٹر مختار نے کہا، “لا نینا اثر ماحول کی حرکیات کو ان طریقوں سے بدلتا ہے جو غیر معمولی بارش اور سرد درجہ حرارت کو لاتے ہیں۔