عظمیٰ نیوز ڈیسک
نئی دہلی// مرکزی وزارت کان کنی نے جیولوجیکل سروے آف انڈیا کو جموں و کشمیر میں دریافت ہونے والے لیتھیم کے ذخائر کی دوبارہ تلاش کرنے کو کہا ہے۔ 13 فروری 2023 کو ریاسی جموں و کشمیر میں دنیا کے سب سے بڑے لتھیم ذخائر دریافت کئے گئے ہیں۔ نومبر 2023 میں لیتھیم نکالنے کی پہلی نیلامی کی گئی۔اس دوران صرف ایک بولی دہندہ سامنے آیا اور تین بولیوں کی کم از کم ضرورت پوری نہیں ہوئی لہٰذا نیلامی منسوخ کر دی گئی۔مارچ 2024 میں، نیلامی کے دوسرے مرحلہ کا اعلان کیا گیا لیکن جولائی 2024 میں یہ انکشاف ہوا کہ ایک بھی بولی دہندہ سامنے نہیں آیا اور بولی کی حتمی تاریخ بھی بڑھا دی گئی لیکن یہ بھی بے سود ثابت ہوا۔مرکزی وزارت کان کنی نے ماہرین کی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد اکتوبر 2024 میں، جیولوجیکل سروے آف انڈیا کو اس بات کی دوبارہ تلاش کرنے کی ہدایت کی کہ دنیا کے سب سے بڑے لیتھیم کے ذخائر کے بارے میں دوبارہ سروے کی ضرورت ہے۔مرکرزی وزارت نے کہا ہے کہ کمپنیاں بولی دینے سے گریزاں ہیں کیونکہ لیتھیم کے ذخائر کی تلاش کا سادہ ڈیٹا بہت ناکافی تصور کیا جارہا ہے۔ کم از کم چھ ماہ بعد جموں و کشمیر لیتھیم کان کی نیلامی کو ختم کیا گیا ہے۔بعض حلقے دعویٰ کررہے ہیں کہ بولی دہندہ سامنے نہ آنے کی ایک بڑی وجہ خطے میں سیکورٹی کی صورتحال بھی ہے اور سرمایہ کاروں کو ریاسی میں لیتھیم کے ذخائر میں دلچسپی بہت کم ہے۔