وادی میں برف و باراں

Mir Ajaz
5 Min Read

گریز روڑ اور لداخ شاہراہ بند،3دسمبر تک اور 8دسمبر کو موسم خراب رہے گا

غلام نبی رینہ+عاصف بٹ+محمد تسکین

کنگن +کشتواڑ+بانہال// وادی کشمیر، ضلع رام بن اور کشتواڑ میں موسم سرما کی تازہ برفباری ہوئی جبکہ کئی مقامات پر ہلکی بارشیں بھی ریکارڈ کی گئیں۔ اس دوران لداخ شاہراہ کے علاوہ بانڈی پورہ گریز روڑ، سنتھن ٹاپ طاور مرگن ٹاپ کے راست بھی عارضی طور پر بند کردیئے گئے۔
وادی
محکمہ موسمیات نے کہا کہ وادی کے بالائی خاص کر سیاحوں کے دلچسپی کے مقامات پر تازہ برف باری ہوئی۔ اننت ناگ کے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں موسم کی پہلی برف باری ہوئی۔دیگر سیاحتی مقامات بشمول گلمرگ اور سونمرگ میں بھی برف باری ریکارڈ کی گئی۔محکمہ نے کہا کہ اتوار کے روز، موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور بالائی علاقوں میں الگ تھلگ مقامات پر ہلکی بارش یا برفباری ہوگی۔2 دسمبر سے، بالائی علاقوں میں دو دن کے دوران بکھرے ہوئے مقامات پر ہلکی بارش یا برفباری کے امکانات ہیں۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ 4 سے 7 دسمبر کے دوران موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے، جس کے بعد 8 دسمبر کو اونچائی کے علاقوں میں الگ تھلگ مقامات پر ہلکی بارش یا برفباری کا امکان ہے۔محکمہ کی پیشگوئی کے عین مطابق ہفتے کی صبح سے سونہ مرگ، زوجیلا، منی مرگ، گمری اوردراس میں برفباری شروع ہوئی جو قریب تین بجے تک جاری رہی جس کے باعث ٹریفک پولیس نے سرینگر لیہہ شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت بند کردی۔ سونمرگ ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اگرچہ صبح سویرے کرگل سے سرینگر کی طرف گاڑیوں کو روانہ کیا گیا اور سونمرگ سے کرگل کی طرف گیارہ بجے تک ٹریفک روانہ ہوا،تاہم برفباری اور زوجیلا پر پھسلن پیدا ہوجانے کے نتیجے میں شاہراہ کو احتیاطی طور پر بند کردیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ زیرو پوائنٹ زوجیلا پر چھ انچ برف ریکارڈ کی گئی ، جبکہ سونمرگ میں دو انچ برف جمع ہوئی اور چار بجے کے بعد برفباری بند ہوگئی ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سونمرگ میں مسافر اور مال بردار گاڑیاں درماندہ ہیں ۔ادھرراز دان ٹاپ پر تازہ برف باری کے باعث بانڈی پورہ گریز روڈ پر ٹریفک کی نقل و حمل روک دی گئی ۔ ڈرائیوروں اور مسافروں سے اگلے احکامات تک اس روڈ پر سفر کرنے سے گریز کرنے کو کہا گیاہے۔جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان کو صوبہ جموں کے راجوری اور پونچھ اضلاع سے جوڑنے والے تاریخی مغل شاہراہ پر بھی ٹریفک کی نقل و حمل جاری ہے۔
بانہال
ضلع رام بن کے بیشتر علاقوں میں ہلکی بارشیںجبکہ جواہر ٹنل اور دیگر پہاڑیوں پر برفباری ہوئی۔ جموںسرینگر قومی شاہراہ پر دو طرفہ مسافر اور مال بردار گاڑیاں بغیر کسی رکاوٹ کے معمول کے مطابق سفر کرتی ر ہیں۔ بارڈر روڈ آرگنائزیشن (بیکن) کے حکام کا کہنا ہے کہ جواہر ٹنل کے آس پاس برفباری اور تیز ہوائیں چل رہی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ برف ہٹانے کے لیے مشینری اور عملہ جواہر ٹنل کے دونوں اطراف تعینات کیا گیا تاکہ شاہراہ کو ہر قسم کے ٹریفک کے لیے کھلا رکھا جا سکے۔
کشتواڑ
ضلع کشتواڑ کے بالائی علاقوں میں تازہ برفباری کا سلسلہ جاری رہا ۔ ہفتے کی صبح بالائی علاقوں میں برفباری شروع ہوئی جو شام دیر گئے تک جاری رہی۔دور افتادہ سب ڈویڑن مڑواہ اور واڑون کے بالائی علاقوں میں کئی انچ برفباری ریکارڈ کی گئی، جس سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔انتظامیہ کے مطابق سنتھن ٹاپ پر مسلسل برفباری کے باعث سڑک کو ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح مرگن ٹاپ پر بھی کئی انچ برفباری ہونے کے بعد یہاں کی سڑک کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔

Share This Article