محمد تسکین +عاصف بٹ
بانہال+کشتواڑ//خطہ چناب کے رام بن ،ڈوڈہ اور کشتواڑ کے میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیں جبکہ بالائی علاقوں میں تازہ برف باری ہوئی جسکے سبب مرگن و سنتھن سڑکیں آمدورفت کیلئے بند ہوگئی ہیں تاہم جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بلاخلل جاری رہی۔
کشتواڑ
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق ضلع کشتواڑ کے بالائی علاقوں میں تازہ برفباری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ میدانی علاقوں میں موسم ابر آلود ہے۔ اطلاعات کے مطابق، ہفتے کی صبح سے بالائی علاقوں میں برفباری شروع ہوئی جو تاحال جاری ہے۔ دور افتادہ سب ڈویژن مڑواہ اور واڑون کے اوپری علاقوں میں کئی انچ برفباری ریکارڈ کی گئی ہے، جس سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔انتظامیہ کے مطابق سنتھن ٹاپ پر مسلسل برفباری کے باعث سڑک کو ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح مرگن ٹاپ پر بھی کئی انچ برفباری ہونے کے بعد یہاں کی سڑک کو بھی معطل کر دیا گیا ہے۔ میدانی علاقوں میں ابر آلود موسم کے ساتھ سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
بانہال
صوبہ جموں میں وادی چناب کے کئی علاقوں کی طرح بانہال اور رام بن کے بیشتر علاقوں میں بھی ہفتے کی صبح سے دوپیر تک ہلکی ہلکی بارشیں ہوئی ہیں جبکہ جواہر ٹنل سمیت پیر پنجال کے پہاڑی سلسلوں پر تازہ برفباری ہوئی ہے ۔ پچھلے قریب چار مہینوں کے لمبے عرصے سے جاری خشک سالی سے تنگ آئے عام لوگ اور زمیندار اچھی بارشوں کے منتظر تھے اور شام ہونے تک موسم مسلسل آبر و آلود بنا ہوا تھا اور ہفتے کی صبح قریب ساڑھے دس بجے سے رام بن اور بانہال کے میدانی علاقوں میں ہلکی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو قریب ایک گھنٹے تک چلتا رہا۔ اس دوران جواہر ٹنل کے آس پاس اور اس کے ٹاپ کے علاوہ چنجلو ، ڈولیگام ، نیل ، پوگل پرستان ، کھڑی مہو منگت ، گول ، بٹوت کے نتھا ٹاپ اور سناسر کے پہاڑی چوٹیوں پر اس موسم کی تازہ برفباری ہوئی ہے۔ جواہر ٹنل اور بانہال قاضی گنڈ کے درمیان 35 کلومیٹر کی سابق شاہراہ کی دیکھ ریکھ کیلئے ذمہ دار بارڈر روڈ آرگنائزیشن سے وابستہ جواہر پر تعینات بیکن کے حکام نے فون پر کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جواہر ٹنل کے آس پاس اور اس کے پہاڑوں پر تازہ برفباری ہوئی ہے اور تیز ہوائیں چل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جواہر ٹنل اور ٹنل ٹاپ کی پرانی شاہراہ سے برف ہٹانے کیلئے بیکن نے پہلے ہی جواہر ٹنل کے آرپار مشینری اور افرادی قوت کو تعینات رکھا ہے اور موسم سرما میں برفباری کے دوران بھی بانہال اور قاضی گنڈ کے درمیان شاہراہ کو قابلِ آمدورفت بنائے رکھنے کیلئے بیکن حسب سابقہ اپنا کام انجام دیتی رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ بانہال۔ قاضی گنڈ فورلین ٹنل بننے کے بعد بھی جواہر ٹنل کی اپنی اہمیت قائم ہے اور جواہر ٹنل کے راستے ہی پیڑول ، ڈیزل اور رسوئی گیس کے ٹینکر وادی کشمیر اور لداخ کی طرف جاتے ہیں اور اس شاہراہ کا ہر حال میں ٹریفک کے قابل بنائے رکھنا اہمیت کا حامل ہے ۔
قومی شاہراہ
ہفتے کی صبح سے ہی جموں سرینگر قومی شاہراہ پر معمول کا ٹریفک بغیر کسی خلل کے جاری رہا اور شاہراہ پر دو طرفہ مسافر اور مال بردار ٹریفک اپنی منزلوں کی طرف بڑھنے کا سلسلہ ہفتے کی شام تک جاری تھا ۔ٹریفک پولیس حکام نے بتایا کہ ہلکی بارشوں اور ابر و آلود موسم کے بیچ جموں سرینگر قومی شاہراہ قابل آمدورفت تھی اور بیشتر دو طرفہ مسافر ٹریفک ہفتے کی شام اپنی منزلوں کو پہنچ رہا تھا جبکہ مال بردار ٹریفک بھی معمول کے مطابق چل رہا تھا ۔ انہوں نے ڈرائیوروں سے اپیل کی کہ وہ بانہال اور ناشری کے درمیان شاہراہ پرقطاروں میں ہی گاڑی چلائیں اور اوور ٹیکنگ کی ہرگز کوشش نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ڈھلواس اور بانہال کے درمیان سڑک کی حالت کئی مقامات پر خراب اور یکطرفہ ٹریفک کے ہی قابل ہے اسلئے تمام گاڑی والوں سے روزانہ کی بنیادوں پر ایڈوائزری کے ذریعے شاہراہ پر نظم و نسق برقرار رکھنے کی اپیل کی جاتی ہے۔