عظمیٰ نیوز ڈیسک
نئی دہلی//راجدھانی دہلی کے باشندوں کو زہریلی ہوا سے فی الحال راحت ملتی ہوئی دکھائی نہیں دے رہی ہے۔ ہفتہ کو بھی یہاں کا ایئر کوالیٹی انڈیکس (اے کیو آئی)سنگین زمرے میں ہی رہا۔ اے کیو آئی سی این سائٹ کے مطابق آج صبح قریب ساڑھے سات بجے دہلی کے آنند وِہار میں سب سے زیادہ 521اے کیو آئی درج کیا گیا۔ دہلی کی ہوا زہریلی ہونے سے لوگوں کو سانس لینے میں کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس سے ان کی صحت پر مضر اثرات مرتب ہونے کا خدشہ مسلسل بڑھتا جا رہا ہے۔ اس دوران دہلی کا اے کیو آئی جمعہ کو لگاتار چھٹے دن انتہائی خراب’ زمرے میں رہا۔درجہ حرارت کی بات کی جائے تو ہفتہ کو اس موسم کی سب سے ٹھنڈ صبح رہی اور درجہ حرارت ساڑھے نو ڈگری سیلسیس تک نیچے چلا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کی صبح کے درجہ حرارت سے ایک ڈگری نیچے درج ہوا جو اس موسم کا سب سے کم ہے۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی)کے اعداد و شمار کے مطابق جمعہ کو دہلی کا 24 گھنٹے کا اے کیو آئی شام 4 بجے تک 331 ریکارڈ کیا گیا۔دہلی این سی آر کے منڈکا میں اے کیو آئی 604، آنند وِہار میں 521، وزیر پور میں 348، اشوک وِہار میں 315، سول سائنس میں 167، آئی ٹی آئی جہانگیر پوری میں 386، پوسا میں 236، شاہدرہ میں 350، سونیا وِہار میں 302، آر کے پورم میں 298، سیکٹر 125 نوئیڈا میں 184، سیکٹر 116 نوئیڈا میں 253 اور سنجے نگر غازی آباد میں 153 درج کیا گیا۔جمعہ کو 37 نگرانی اسٹیشنوں میں سے 2 پر ہوا کا معیار 400 سے اوپر ‘سنگین’ زمرے میں رہا۔ بوانا کا اے کیو آئی 416 اور منڈکا کا 402 ریکارڈ کیا گیا تھا۔ گزشتہ تین دنوں میں کوئی بھی اسٹیشن ‘سنگین؛ زمرے میں نہیں تھا۔ سی پی سی بی کے قریب ایپ کے مطابق باقی اسٹیشنوں میں سے 26 میں ‘انتہائی خراب’ اور 9 میں ‘خراب’ اے کیو آئی درج ہوا۔
سردی کی شدت مزید بڑھنے کے امکانات | نومبرمیںدرجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ
عظمیٰ نیوز ڈیسک
نئی دہلی//سال 2024میں تقریباً ہر مہینے نے گرمی کے ریکارڈ توڑ دیے ہیں اور نومبر بھی اس فہرست میں شامل ہو گیا ہے۔ اگرچہ نومبر کے آخر میں سردی بڑھنے لگی ہے لیکن اس سال نومبر گزشتہ پانچ سالوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ گرم رہا۔ اس مہینے میں دن اور رات کے درجہ حرارت میں غیر معمولی حد تک اضافہ دیکھا گیا۔محکمہ موسمیات کے حکام کے مطابق، موجودہ سردی نومبر کے آخر کے لیے معمول کے مطابق ہے لیکن اہم بارش اور برفباری کی کمی کی وجہ سے موسم عام حالات سے زیادہ گرم رہا۔ شمال مغربی ہندوستان پر اثر انداز ہونے والی مغربی ہوائوں کے سبب ویک اینڈ میں رات کے درجہ حرارت میں 1سے 2 ڈگری سیلسیس کا عارضی اضافہ متوقع ہے۔ اس کے بعد اگلے ہفتے کے آغاز میں، شمالی پہاڑی علاقوں میں برفباری کی وجہ سے درجہ حرارت میں دوبارہ کمی کا امکان ہے۔آج کے موسم کے بارے میں بات کی جائے تو دہلی میں ہفتہ کو ہلکے کہرے کے ساتھ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم 10 ڈگری سیلسیس رہنے کی توقع ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت میں تیز گراوٹ 25 نومبر کو شروع ہوئی، جب یہ 14ڈگری سیلسیس تھا۔ شمال مغربی ٹھنڈی ہوائیں اور رات کے وقت صاف آسمان کی وجہ سے یہ درجہ حرارت مسلسل کم ہوتا رہا۔26نومبر کو درجہ حرارت گر کر 11.9 ڈگری سیلسیس، 27 نومبر کو 10.4 ڈگری سیلسیس اور 28 نومبر کو 10.1 ڈگری سیلسیس تک پہنچا۔ اس سیزن میں پہلی بار جمعہ کو درجہ حرارت 10 ڈگری سیلسیس سے نیچے گیا۔ صفدرجنگ میں کم سے کم درجہ حرارت 9.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے ایک ڈگری کم تھا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں سردی کی شدت مزید بڑھنے کے امکانات ہیں۔