عاصف بٹ
کشتواڑ// محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق ضلع کشتواڑ کے بالائی علاقوں میں تازہ برفباری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ میدانی علاقوں میں موسم ابر آلود ہے۔
اطلاعات کے مطابق، ہفتے کی صبح سے بالائی علاقوں میں برفباری شروع ہوئی جو تاحال جاری ہے۔ دور افتادہ سب ڈویژن مڑواہ اور واڑون کے اوپری علاقوں میں کئی انچ برفباری ریکارڈ کی گئی ہے، جس سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق سنتھن ٹاپ پر مسلسل برفباری کے باعث سڑک کو ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح مرگن ٹاپ پر بھی کئی انچ برفباری ہونے کے بعد یہاں کی سڑک کو بھی معطل کر دیا گیا ہے۔
میدانی علاقوں میں ابر آلود موسم کے ساتھ سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔