عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// وسطی کشمیر کے ضلع سرینگر میں غیر قانونی سرگرمیوں کے ایک معاملے میں پولیس نے آج صبح بتہ مالو اور ایچ ایم ٹی علاقوں میں چھاپے مارے۔
پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، پولیس سٹیشن شیرگڑھی میں درج ایف آئی آر نمبر 65/2024 کے تحت دفعہ 13 یو اے (پی) ایکٹ کے معاملے کی تحقیقات کے سلسلے میں یہ چھاپے مارے گئے۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ چند افراد نے دشمن عناصر کے اشارے پر اور دیگر کے ساتھ مجرمانہ سازش کرتے ہوئے جھوٹے اور گمراہ کن بیانات پر مبنی ایک مہم چلائی، تاکہ لوگوں کو غیر قانونی اور پرتشدد سرگرمیوں کے لیے اکسانا جا سکے۔
ضلع پولیس سرینگر نے این آئی اے کورٹ سے سرچ وارنٹ حاصل کرنے کے بعد بتہ مالو کے بون پورہ کے رہائشی عبیس ریاض ڈار ولد ریاض احمد ڈار اور ایچ ایم ٹی زیناکوٹ کے رہائشی ساحل احمد بھٹ ولد نور محمد کے گھروں میں چھاپے مارے۔
چھاپوں کے دوران قابل اعتراض مواد اور الیکٹرانک آلات ضبط کیے گئے ہیں۔ مزید چھاپے ان مشتبہ افراد کے گھروں پر بھی مارے جائیں گے جو اس گمراہ کن اور ملک مخالف پروپیگنڈے میں ملوث ہیں۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا ذمہ داری سے استعمال کریں اور ایسے مواد کو شیئر یا اپ لوڈ کرنے سے گریز کریں جو جھوٹی کہانیاں پھیلانے اور لوگوں، خصوصاً نوجوانوں کو دہشت گردی کی کاروائیوں پر اکسانے کا سبب بنیں۔