عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// سرینگر کے مضافاتی علاقے حضرت بل میں بدھ کے روز ایک غیر مقامی شخص نے ایک دکاندار اور اس کی اہلیہ پر ان کے گھر میں حملہ کر دیا اور خاتون کے سونے کے کنگن لوٹنے کی کوشش کی۔
حکام کے مطابق، حملہ آور، جو کہ اتر پردیش کا رہائشی ہے، نشے کی حالت میں تھا اور دکاندار غلام رسول خان کا مستقل گاہک بھی تھا۔
غلام رسول خان نے بتایا کہ ایک نقاب پوش شخص ان کے گھر میں داخل ہوا اور ان کی اہلیہ پر تیز دھار ہتھیار سے حملہ کیا، جس سے ان کی کلائیوں پر شدید زخم آئے۔
خان نے مزید کہا کہ انہوں نے اپنی اہلیہ کو بچانے کی کوشش کرتے ہوئے حملہ آور کا سامنا کیا اور شور مچایا، جس کی وجہ سے پولیس موقع پر پہنچ گئی۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو گرفتار کر لیا اور مقامی تھانے میں ایف آئی آر نمبر 175 کے تحت مقدمہ درج کیا۔
سپرنٹنڈنٹ پولیس حضرت بل، ہلال خالق بھٹ نے یقین دلایا کہ مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی تاکہ ایسے واقعات دوبارہ نہ ہوں۔
دریں اثنا، فارنزک ٹیم نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد جمع کیے۔
ذرائع نے بتایا کہ حملہ آور اور متاثرین ایک دوسرے کو جانتے تھے کیونکہ مذکورہ مٹھائی فروش (ملزم) اکثر خان کی دکان سے کھانے پینے کی اشیاء خریدتا تھا۔
واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔