یو این آئی
نئی دہلی//شعبہ اردوکو جامعہ ملیہ اسلامیہ میں 25 نومبر2024 کو 52 سال مکمل ہوگئے۔ گرچہ جامعہ میں اردو کی تعلیم کا اہتمام روز اول سے ہی تھا، لیکن باضابطہ شعبے کی حیثیت سے اس کی داغ بیل 25 نومبر 1972 کو پڑی۔جاری ایک ریلیز کے مطابق صدر شعبہ اردو پروفیسر احمد محفوظ نے اس موقع پر منعقدہ ایک غیر رسمی نشست میں اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ شعبہ اردو کی ادبی خدمات کو اردو دنیا قدر و اعتبار کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور یہ شعبہ روز بہ روز ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔اس شعبے سے فیض یاب ہونے والے فارغین علمی و ادبی دنیا میں جامعہ ملیہ اسلامیہ اور ملک و ملت کا نام روشن کر رہے ہیں۔اس موقع پر پروفیسر کوثر مظہری نے اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ اردوکی شاندارعلمی اور ادبی وراثت رہی ہے، اس وقت بھی شعبے سے وابستہ اساتذہ اپنے اپنے میدان میں کارہائے نمایاں انجام دے رہے ہیں اور اس شعبہ کا مستقبل بھی روشن نظر آتا ہے۔نصف صدی سے زائد اس سفر میں ممتاز ادبی شخصیات اس شعبے سے وابستہ رہیں، جن میں پروفیسر گوپی چند نارنگ، پروفیسرتنویر احمد علوی،پروفیسر محمد ذاکر، پروفیسر عنوان چشتی، پروفیسر حنیف کیفی،پروفیسر صغری مہدی، پروفیسر شمیم حنفی، پروفیسر عظیم الشان صدیقی،ڈاکٹر صادقہ ذکی، پروفیسرقاضی عبید الرحمن ہاشمی، پروفیسر شمس الحق عثمانی، پروفیسر خالد محمود، پروفیسر شہناز انجم، پروفیسر وہاج الدین علوی، پروفیسر شہپر رسول، پروفیسر عبد الرشید اور ڈاکٹر سہیل احمد فاروقی کے نام تحقیق، تنقید اور شاعری کے حوالے سے قابل ذکر ہیں۔