لندن/سربیا کے شہرہ آفاق ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ نے آسٹریلین اوپن کی تیاری کے لئے اپنے سابق انگلش حریف اینڈے مرے کو کوچنگ اسٹاف میں شامل کرلیا۔ایک رپورٹ کے مطابق 24 مرتبہ کے گرینڈ سلیم فاتح نوواک جوکوچ نے کہا کہ اینڈے مرے کوچنگ اسٹاف کا حصہ ہوں گے آسٹریلین اوپن میں ان کے کوچ ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک دوسرے کے خلاف اس وقت سے کھیلا جب ہم کم عمر تھے اور 25 سال تک حریف رہے اور ایک دوسرے سے آگینکلنے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے درمیان چند ایک یادگار مقابلے بھی ہوئے ہیں، ہمیں گیم چینجر، رسک ٹیکرز اور تاریخ بنانے والے کہا گیا اور میرے خیال میں ہماری کہانی اب ایک نئے باب میں تبدیل ہوگئی ہے۔سربیا کے اسٹار جوکووچ نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ میں اپنے ایک سخت حریف کو اپنے ساتھ ملا لوں اور کوچ کی حیثیت سے اینڈے مرے کو خوش آمدید کہوں گا۔