عظمیٰ ویب ڈیسک
ہندواڑہ// شمالی کشمیر کے ہندواڑہ کے مغلپورہ کریم ہورہ کے جنگلاتی علاقے میں پولیس نے اتوار کے روز ملی ٹینٹوں کے ایک ٹھکانے کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ مخصوص اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے فوج (15 آر آر) اور سی آر پی ایف (92 بٹالین) کے ساتھ مل کر مغلپورہ کریم ہورہ کے جنگلاتی علاقے میں ایک جامع تلاشی آپریشن شروع کیا۔ یہ علاقہ پولیس پوسٹ زچلڈارہ کی حدود میں آتا ہے۔
آپریشن کے دوران، ایک ملی ٹینٹ ٹھکانے کا پتہ چلا اور وہاں سے دھماکہ خیز مواد اور گولہ بارود کا ایک بڑا ذخیرہ برآمد کیا گیا، جس میں 10 گرینیڈ شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ برآمد شدہ دھماکہ خیز مواد کو محفوظ طریقے سے ضبط کر لیا گیا ہے تاکہ مزید تحقیقات اور قانونی کاروائی کی جا سکے۔
پولیس کے مطابق، یہ بروقت کاروائی علاقے میں ملی ٹینٹوں کی مذموم سرگرمیوں کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے اور اس سے امن و امان کو لاحق ممکنہ خطرات کو روکا جا سکا ہے۔