عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی//راجوری ضلع کی تحصیل درہال سے سے سوکڑ سیداں جانے والی مین روڈ سے مڈہون گاؤں کی جانب جانے والی لنک روڈ پر بلیک ٹاپنگ کا کام مکمل ہونے پر علاقہ کے لوگوں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ اس موقع پر لوگوں کا کہنا تھا کہ حالیہ اسمبلی انتخابات سے قبل علاقہ کے نامور سیاست دان اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر محمد اقبال ملک نے اپنے انتخابی منشور میں اس روڈ پر بلیک ٹاپنگ کرنے کا وعدہ کیا تھا جسے انہوں نے وفا کر کے لوگوں کو راحت پہنچائی ہے۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ اس اہم کام کی تکمیل کے لئے وہ اقبال ملک کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس سڑک پر کام کرنے والے ٹھیکیدار مجیب الرحمن ڈار اور انجینئر ظرافت امین اور متعلقہ محکمہ کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے بڑی لگن تندہی اور محنت سے اس سڑک کا کام پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے۔ اس موقع پر علاقہ کے نائب سرپنچ کا کہنا تھا کہ اس سڑک پر بلیک ٹاپنگ کے کام میں کسی بھی قسم کی لاپرواہی سے کام نہیں کیا گیا ہے جس کے لئے وہ متعلقہ محکمہ، ٹھیکیدار اور انجینئر مذکور کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں۔ اس موقع پر یوتھ لیڈر اور سماجی کارکن مرتضی مرزا کا کہنا تھا کہ اقبال ملک علاقے کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے لیے جس لگن اور محنت سے کام کر رہے ہیں اس کی نظیر نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ یہ افسوسناک بات ہے کہ حالیہ اسمبلی انتخابات میں اقبال ملک تھنہ منڈی منجا کوٹ درہال حلقہ انتخاب سے کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہے تاہم وہ ترجیحی بنیادوں پر عوام سے کئے ہوئے وعدوں کو پورا کرنے کا عزم کئے ہوئے ہیں جس کے لئے وہ دن رات محنت کر کے لوگوں کو راحت پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اہم کام کی تکمیل پر پوری عوام اقبال ملک کو مبارکباد پیش کرتی ہے ان کا شکریہ بھی ادا کرتی ہے۔