یو این آئی
جموں// نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اتوار کے روز کہاکہ جموں وکشمیر میں معروض وجود میں آئی نئی سرکار اچھے کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ انتخابی منشور میں لوگوں سے جتنے بھی وعدئے کئے گئے انہیں ہر حال میں پورا کیا جائے گا۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہاکہ مرکزی سرکار نے وعدہ کیا ہے کہ اسمبلی انتخابات کے بعد سٹیٹ ہڈ کی بحالی کا بھی فیصلہ لیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات پر امن اور شفاف ماحول میں ہوئے لہذا اب جموں وکشمیر کو ریاست کا درجہ واپس ملنا چاہئے۔
لوگوں سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے بارے میں جب ڈاکٹر فاروق عبداللہ سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہاکہ پانچ سالوں کے اندرا ندر سبھی وعدے وفا ہونگے۔پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کی جانب سے دئے گئے بیان پر فاروق عبداللہ نے کہا :’جہاں تک دفعہ 370اور 35اے کا تعلق ہے تو ہمارا موقف اس حوالے سے واضح اور صاف ہے۔انہوں نے کہاکہ اسمبلی اجلاس کے دوران نیشنل کانفرنس نے خصوصی درجے کی بحالی کے لئے قرارداد پاس کی ہے ۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے محبوبہ مفتی کو مشورہ دیا کہ وہ ایسے بیانات دینے سے گریز کریں جو من گھڑت اور حقیقت سے بعید ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ انتخابی منشور میں نیشنل کانفرنس نے دفعہ 370کی بحالی کا وعدہ کیا ہے اور اس حوالے سے اسمبلی میں پاس کی گئی قرارد اد سب کے لئے چشم کشاں ہے۔