یو این آئی
نئی دہلی//وزیراعظم مودی، کانگریس صدر ملک ارجن کھڑگے، لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی اور کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے ملک کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کو ان کے 135ویں یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا۔ مودی نے’ایکس ‘پر اپنی پوسٹ میں لکھاکہ پنڈت جواہر لال نہرو کے یوم پیدائش کے موقع پر میں اپنے سابق وزیر اعظم کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کھڑگے نے کہا’’ہندوستان کو صفر سے چوٹی تک پہنچانے والے، جدید ہندوستان کے معمار، ہندوستان کو سائنسی، اقتصادی، صنعتی اور مختلف شعبوں میں ترقی پذیر بنانے والے، ملک کو مسلسل تنوع میں اتحاد کا پیغام دینے والے، جمہوریت کے نڈر محافظ اورہمارے لئے تحریک کا ذریعہ، ’ہند کے جواہر‘کے 135ویں یوم پیدائش پر، ہم ملک کیلئے ان کی بے مثال شراکت کو یاد کرتے ہیں‘‘۔راہل گاندھی نے کہا’’جدید ہندوستان کے باپ، اداروں کے معمار، ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم، پنڈت جواہر لال نہرو کو ان کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت۔ جمہوری، ترقی پسند، نڈر، دور اندیش، جامع – ہند کے جواہر کے یہی اقدارہمارے آئیڈیل ہیں اور ہندوستان کے ستون ہیں اور ہمیشہ رہیں گے‘‘۔پرینکا واڈرا نے کہا’’دنیا میں جتنی بھی برائیاں ہیں، خوف ان سب کی بنیاد ہے، دہائیوں کی جدوجہد اور بے شمار قربانیوں کے بعد جب ہم نے آزادی حاصل کی، تب بھی ایسے لوگ تھے جو معصوم عوام کو ڈرانے اور گمراہ کرنے کی سیاست کرتے تھے۔ نہرو جی نے ڈٹ کر ان کا مقابلہ کیا اور عوام سے کہا کہ ‘ڈرو مت۔ عوام میں خوف پھیلانے والے لوگ عوام کے حقیقی نمائندے نہیں ہو سکتے۔ عوامی خدمتگار سینہ تان کر سب سے آگے کھڑے ہوتے ہیں تاکہ لوگ بے خوف ہوکر زندگی گزار سکیں‘‘۔