عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// بدھ کے روز جموں کشمیر پولیس کی جانب سے تھنہ منڈی کے منیہال گلی علاقے میں پولیس پبلک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پرڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس تیجندر سنگھ نے شرکت کر کے لوگوں کے مسائل سنیں اور اور ان کے فوری حل کی یقین دہانی بھی کرائی۔ آفیسر موصوف کے ہمراہ ایس ایس پی راجوری رندیپ کمار ، ڈی ایس پی تھنہ منڈی، ایس ایچ او تھنہ منڈی کے علاوہ جموں و کشمیر پولیس کے کئی اعلیٰ عہدیداروں سماجی کارکنوں سیاسی نمائندوں اور لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مختلف عوامی نمائندوں اور کارکنوں نے مختلف سیاسی سماجی اور اقتصادی مسائل سے پولیس افسر کو آگاہ کیا۔ تیجندر سنگھ نے لوگوں کے تمام مسائل کو غور سے سنا اور مستقبل قریب میں ترجیحی بنیادوں پر انھیں حل کرانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ اس دوران انہوں نے اہلکاروں کو ہدایت دی کہ وہ عوام دوست پالیسی پر عمل پیرا رہتے ہوئے مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کریں اور اس حوالے سے جدید ٹیکنالوجی کا فائدہ بھی اٹھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملی ٹینسی اور جرائم کے خلاف بھر پور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا جائے۔ انھوں نے مزید کہا کہ منشیات کا کاروبار سماج کیلئے ایک بہت بڑا چیلنج بن گیا ہے اور اس کو سماج سے ختم کرنے کیلئے سختی سے کام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کا استعمال سماج کیلئے انتہائی نقصان دہ ہے اور جموں و کشمیر پولیس اس کا قلع قمع کرنے کیلئے تمام تر کوششیں بروئے کار لائے گی لیکن اس کے لئے انہیں عوامی تعاون درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات فروشوں کو پی ایس اے کے تحت گر فتار کیا جائے گا۔ اس شاندار پروگرام کے انعقاد پر انہوں نے جموں کشمیر پولیس اور عوامی نمائندوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔