حسین محتشم
پونچھ//منگل اور بدھ کی درمیانی شب نقب زنوں نے ضلع پونچھ کے صدر مقام پر کامسر چوک میں قادریہ جامع مسجد کے متصل زیارت گاہ کی سیف کو توڑ کر نزرانے کی رقم اڑا لی۔ چوری کی یہ واردات سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگئی ہے۔یہ زیارت گاہ شہر کے بیچوں بیچ سڑک کے بالکل قریب واقع ہے۔ چوری کی واردات سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگئی ہے جس میں چور ماسک لگا کر چوری کرتے دکھائی دے رہا ہے۔ چوری کی واردات کی پولیس کو اطلاع دی گئی جس کے بعد پولیس نے معاملے کی نسبت سے کیس درج کیا ہے۔مقامی لوگوں نے محکمہ پولیس کے حکام سے اپیل کی کہ زیارت شریف کی سیکورٹی کا از سر نو جائزہ لیا جائے اور یہاں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے ایس ایس پی پونچھ سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔واضح رہے کہ کچھ عرصہ سے چور علاقے میں سرگرم ہوگئے ہیں وہیں اب چوروں کے حوصلے اتنے بلند ہو گئے ہیں کہ وہ مذہبی مقامات کو بھی نہیں بخش رہے۔