عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
بیروت// لبنان پر اسرائیلی فضائی حملوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 53 افراد ہلاک اور 99 دیگر زخمی ہوئے ۔ اسرائیل اور لبنان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے آغاز سے اب تک ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد 3,186 اور زخمیوں کی تعداد 14 ہزار 78 ہو گئی ہے ۔اسرائیلی فضائیہ نے شمالی لبنان کے تفریحی شہر بائبلوس سے 15 کلومیٹر دور المات کی بستی میں ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا جس میں بچوں سمیت 20 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ۔ اس دوران اسرائیلی فوجیوں نے شمالی لبنان میں دیر قانون، راس العین اور عین بعل کی بستیوں میں ایمبولینس ٹیموں پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں پانچ ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن ہلاک ہوگئے ۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس کا بنیادی مقصد شمال میں گولہ باری سے بھاگے 60 ہزار باشندوں کی واپسی کے لیے حالات پیدا کرنا ہے ۔ادھر شمالی غزہ پٹی میں اسرائیل کے دو فضائی حملوں میں کم از کم 44 فلسطینی مارے گئے ۔ ۔فلسطینی سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی طیارے نے جبالیہ کے علاقے میں بے گھر افراد کے ایک رہائش پر بمباری کی جس سے وہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔فلسطینی طبی ذرائع نے بتایا کہ فضائی حملے میں 13 بچوں سمیت 36 فلسطینی ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے ۔فلسطینی ڈاکٹروں کے مطابق، غزہ شہر پر ایک دیگر اسرائیلی فضائی حملے میں غزہ شہر میں سماجی ترقی کے ڈائریکٹر وائل الخور اور ان کی اہلیہ اور بچوں سمیت ان کے خاندان کے سات دیگر افراد ہلاک ہو گئے ۔اسرائیلی ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) نے ایک بیان میں کہا کہ اس کے فوجیوں نے جبالیہ میں آپریشنل سرگرمیاں جاری رکھی ہیں اور گزشتہ روز اس کے فوجیوں نے درجنوں عسکریت پسندوں کو ہلاک اور متعدد بنیادی ڈھانچے کے ساتھ ساتھ ہتھیاروں کے ذخیرہ کرنے کی سہولت کے علاقے کو بھی تباہ کر دیا ہے ۔