عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// تھنہ منڈی میں انڈین آرمی کی جاٹ بٹالین 61کی جانب سے آنجہانی صوبیدار اجے سنگھ والی بال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا۔ یہ ٹورنامنٹ 06 نومبر سے 10 نومبر 2024 جاری رہا جس میں کل 8 ٹیموں نے حصہ لیا۔ اتوار 10 نومبر کو اس ٹورنامنٹ کا فائنل مقابلہ ہسپلوٹ والی بال کلب اور چوہدری والی بال کلب کے درمیان کھیلا گیا۔ جو ہسپلوٹ والی بال کلب نے جیت لیا۔ اس موقع پر جیتنے والی ٹیم ہسپلوٹ والی بال کلب کو 21000 روپے کا نقد انعام ٹرافی اور میڈلز بھی دیئے گئے جبکہ اس کے مد مقابل ٹیم کو 15000 نقد انعام ٹرافی اور میڈلز وغیرہ سے بھی نوازا گیا۔ یاد رہے کہ دو سال اسی علاقے میں آرمی کے ایک افسر صوبیدار اجے سنگھ نے ملیٹنٹوں سے لڑتے ہوئے اپنی جان کا نظرانہ پیش کر دیا تھا۔ ان کی یاد میں فوج کی 61 آر آر کی جانب سے ایک شاندار اوپن والی بال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں علاقہ بھر سے 8 ٹیمیوں نے حصہ لیا۔ واضح رہے کہ انڈین آرمی نے والی بال کے فروغ اور معاشرے کو صحت مندانہ سرگرمیوں کے لیے یہ ٹورنامنٹ منعقد کیا جو پورے جوش و جذبہ کے ساتھ جاری رہا۔ شہریوں کی جانب سے انڈین آرمی کی کاوشوں کو خوب سراہا گیا اور انھیں مبارک باد بھی پیش کی گئی۔ اس موقع پر 61 آر آر کے کمانڈنگ آفیسر نے کہا کہ کھیلوں سے نوجوانوں کو معاشرے کی برائیوں سے دور رہنے میں مدد دیتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ علاقے کے لوگوں نے ایونٹ کے انعقاد میں بہت زیادہ جوش و خروش کا مظاہرہ کیا ہے لہٰذا آئندہ بھی اسی طرح کے کھیلوں کا انعقاد کیا جائیگا۔ وہیں مقامی لوگوں اور کھلاڑیوں نے انڈین آرمی کی 61 آر آر بٹالین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فوج نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لیے بہترین پلیٹ فارم فراہم کر رہی ہے۔ اس موقع پر کرنل پروین کمار چھتری 13 سیکٹر آر آر، AQ 13 Sect RR، لیفٹیننٹ کرنل آنند کمار، بی جے پی لیڈر عبدالغنی شال، سماجی کارکن حاجی مقبول رینہ اور اخباری نمائندوں کے علاوہ مقامی شہریوں کھلاڑیوں اور بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پروگرام کے آخر میں انڈین ارمی کی جانب سے تمام شائقین میں ماکولات و مشروبات تقسیم کیے گئے۔