شوکت حمید
سرینگر//عام آدمی پارٹی کے ممبر اسمبلی معراج ملک نے بی جے پی الزام لگایا کہ وہ جموں میں بندوق کلچر کو فروغ دینے پر تلی ہوئی ہے ۔اسمبلی میں شکریہ کی تحریک میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کشتواڑ میں بغیر تربیت کے ہی لوگوں کو بندوقیں فراہم کرکے انہیں ولیج ڈیفنس گارڈ بنایا گیا ۔ ملک نے وزیرا علیٰ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ جموں میں کن لوگوں کو بندوقیں فراہم کی گئیں اس کی بڑے پیمانے پر تحقیقات ہونی چاہئے ۔انہوںنے ایوان کو بتایا کہ کشتواڑ کے منجولہ علاقے میں دو دفاعی محافظوں کا قتل انسانیت سوز ہے اور اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔انہوں نے کہاکہ اسمبلی انتخابات کے دوران بی جے پی نے جموں خاص کر راجوری ، پونچھ اور کشتواڑ میں بغیر ٹریننگ کے ہی لوگوں کو بندوقیں فراہم کرکے انہیں دفاعی محافظ بنایا۔ ملک نے الزام لگایا کہ اسمبلی الیکشن کے دوران بی جے پی کے لوگوں نے خط چناب اور پیر پنچال میں لوگوں کو بندوقیں فراہم کیں اور ایسے لوگوں کو ہتھیار دئے گئے جنہیں اس کی کوئی علمیت ہی نہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ’میں یہ وثوق کے ساتھ کہتا ہوں انہیں بھی بندوق چلانی نہیں آتی ہوگی‘۔