کشتواڑ میں 2دیہی دفاعی اہلکاروں کو ہلاک

Mir Ajaz
2 Min Read

غلام محمد+عاصف بٹ

سرینگر+کشتواڑ// درابہ شالہ کشتواڑ کے دور دوراز جنگلاتی علاقے میں ملی ٹینٹوں نے2 دہی دفاعی اہلکاروں کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا۔پولیس نے بتایا کہ درابہ شالہ سے قریب 30کلو میٹر دورپہاڑی و جنگلاتی علاقے میں واقع بٹہ پورہ کنتواڑہ گائوں میں ملی ٹینٹوں نے گائوں کی حفاظت پر مامور دہی حفاظتی اہلکاروں کو گولیاں مار کر ہلاک کیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ دن میں پیش آیا تاہم علاقہ پہاڑی، بہت دور اور سڑک رابطہ نہ ہونے کی وجہ سے انتہائی دشوار گذار ہے جہاں سے اطلاع آنے میں مشکلات پیش آتی رہتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ انہیں اس بارے میں مصدقہ طور پر معلوم نہیں البتہ شام کے وقت اس بات کی اطلاع ملی کہ 2دہی دفاعی کمیٹی اہلکاروں کو ہلاک کیا گیا ہے۔ادھر فوج نے بھی اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مہلوکین کی شناخت کلدیپ کمار ولد امر چند اور نذیر احمد ولد محمد خلیل ساکنان اوہلی کے بطور ہوئی ہے۔ پولیس اور سیکورٹی فورسز کی ایک بہت بڑی ٹیم علاقے کی طرف روانہ کردی گئی ہے اور علاقے میں ناکے لگائے جارہے ہیں تاکہ حملہ آوروں کی نشاندہی کی جاسکے۔ادھر پولیس کے مطابق زالورہ سوپور کے پنی پورہ گائوں میں شام قریب ساڑھے 8بجے ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد علاقے کا محاصرہ کیا گیا۔ پولیس نے کہا کہ جونہی تلاشی پارٹی مشتبہ مقام کی طرف پیش قدمی کرنے لگی تو ملی ٹینٹوں نے اُن پر فائر کھول دیا۔ اس موقعے پر طرفین کے درمیان گولیوں کا شدید تبادلہ ہوا، جو کافی دیر تک جاری رہا۔ سیکورٹی فورسز نے بستی کا کڑا محاصرہ کیا اور ملی ٹینٹوں کے فرار ہونے کی ناکہ بندی کردی۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں 2یا تین ملی ٹینٹ چھپے بیٹھے ہیں۔ رات دیر گئے تک فائرنگ کی آوازیں سنائی دے رہی تھیں۔ سیکورٹی فورسز نے روشنی کا انتظام کرکے آپریشن جاری رکھا تھا۔

Share This Article