محمد تسکین
بانہال// پچھلے دنوں بانہال کے وگن علاقے میں بھیڑوں کو چوری کرنے کی واردات میں ملوث سرغنہ سمیت تین افراد کو بانہال پولیس نے گرفتار کرکے چوری کا یہ معاملہ حل کر لیا ہے ۔ پولیس نے ایک کیس درج کرکے تینوں ملزموں کو حراست میں لیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ 28 اکتوبر کی رات بانہال کے وگن علاقے میں چوروں نے عطا محمد سوہل ساکنہ وگن بانہال کے گھر سے 18 بھیڑیں اور دو بکریاں اڑا لیں اور وہاں سے چوری کا مال لیکر فرار ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں نے پولیس کو اطلاع دی اور پولیس نے ایک ایک کرکے تینوں ملزموں کو گرفتار کیا ہے اور ان کی طرف سے چورائے گئے مال کو برآمد کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے ملزمان کی شناخت عبدالرشید ولد غلام رسول ساکنہ کنڈن کھڑی ، عبداللطیف گوجر ولد حکم الدین ساکنہ ہنگنی شگن اور مجید چوپان ولد محمد چوپان ساکنہ ڈولیگام بانہال کے طور کی ہے ۔ پولیس نے مذید چوریوں کے بارے میں بھی ان سے پوچھ تاچھ جاری رکھی ہوئی ہے۔