محمد تسکین
بانہال // بانہال میں ٹھیکیداروں کی ایک جمعیت کی طرف سے پنچایتوں میں آف لائین ٹنڈرنگ کے مجوزہ حکومتی فیصلے کے خلاف اپنا احتجاج درج کرتے ہوئے آن لائین ٹینڈرنگ کو لیفٹیننٹ گونر انتظامیہ کی طرف سے جاری احکامات کے مطابق جاری رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔احتجاجی ٹھیکیداروں نے ایس ڈی ایم بانہال رضوان اصغر سے بھی ملاقات کی ان کے رُوبرو اپنے معاملات کو اٹھایا اور انہوں نے انہیں یقین دلایا کہ وہ لوگوں کے معاملے کو ڈپٹی کمشنر رام بن کی نوٹس میں لائینگے ۔ایس ڈیم ایم دفتر بانہال کے احاطے میں زرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے احتجاجی ٹھیکیداروں نے کہا کہ ضلع رام بن میں محکمہ دیہی ترقیات کی انجینئرگ ونگ کی طرف سے کئی کاموں کیلئے پچھلے مہینے ٹینڈر طلب کئے گئے ہیں اور اب ان ٹنڈروں کو اعلیٰ حکام کے حکم پر کھولنے پر پابندی لگائی گئی ہے اور ان ٹینڈروں کو کھولا نہیں گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال سے ٹھیکیداروں کو بھاری نقصانات کا سامنا ہے کیونکہ انہیں ٹینڈروں کیلئے چھ سو روپئے کی رقم ادا کرنی پڑتی ہے اور سرکاری خزانے میں جمع کی گئی یہ رقم واپس بھی نہیں ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاؤہ ایک ایک ٹینڈر پر ایک ہزار روپئے تک کا الگ خرچہ آتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات گشت کر رہی ہے کہ موجودہ نیشنل کانفرنس سرکار پنچایتوں میں تین اور پانچ لاکھ روپئے مالیت کے کاموں کو آف لائین ٹینڈروں اور سمجھوتوں کے ذریعے کرنے کامن بنا رہی ہے اور اسی وجہ سے پچھلے مہینے مختلف کاموں کیلئے طلب کئے گئے ٹینڈروں کو کھولنے پر پابندی عائد کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹینڈروں کو آن لائین کے بغیر کئے جانے سے سیاسی پشت پناہی والے ٹھیکیداروں کو فائدہ پہنچانے کی کوشش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹینڈروں کے بغیر پنچایت کے کاموں کو انجام دینے کی صورت میں ڈی کلاس کارڈ ہولڈروں کو پشت بہ دیوار کیا جائیگا اور سرکار کا یہ فیصلہ ڈی کلاس کارڈ بنانے والے بیروزگاروں کی مشکلات میں اضافی کریگا۔ انہوں نے کہا کہ پنچایت میں آن ٹینڈروں سے ہی ڈی کلاس کارڈ ہولڈر ٹھیکیدار اپنی گھر گرہستی چلاتے ہیں اور انہیں سال میں ایک دو کام ہی ملتے ہیں اور اسی سے ان کا سرکل چلتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ٹینڈر نظام سے کسی بھی چھیڑ چھاڑ کو برداشت نہیں کیا جائیگا اور ضرورت پڑنے پر اس کے خلاف شاہراہ پر احتجاجی دھرنا دیا جائیگا۔اس سلسلے میں ایگزیکٹو انجینئر دیہی ا نجینئر نگ ونگ سنجیو شرما نے فون پر کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اعلیٰ حکام کی ہدایت پر یہ ٹینڈر فی الحال کھولے نہیں جا رہے ہیں تاہم انہیں کچھ وقت کے بعد کھولا جائیگا اور ٹھیکیداروں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جو ٹینڈر ڈالے گئے ہیں انہیں کھولا جائیگا اور ٹھیکیداروں کو کوئی نقصان نہیں ہونے دیا جائیگا ۔