عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//نیشنل کانفرنس اورپی ڈی پی قیادت سمیت کئی سیاسی ومذہبی رہنمائوں اورتنظیموں نے میرواعظ مولوی محمداحمدشاہ کی وفات پرمیرواعظ عمر فاروق اورخاندان کے دیگر افراد کیساتھ تعزیت کااظہار کیا۔ نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے میرواعظ منزل نگین حضرت بل جاکر وہاں میرواعظ عمر محمد فاروق کیساتھ تعزیت کی اور ڈھارس بندھائی۔ڈاکٹر فاروق نے اس موقعے پر کہا کہ میرواعظ خاندان کے بزرگ اور برگزیدہ عالم الدین ، مبلغ حضرات کی اسلامی خدمات، تبلیغ دین، اشاعت اسلام ناقابل فراموش ہیں جو یہ خاندان گذشتہ 400سال سے انجام دیتا آرہاہے۔ تعلیم کیساتھ مروج تعلیم کیلئے کشمیر میںدرسگاہیں، سکول اور عربی کالج کا قیام اور مسلمانانِ کشمیر کو دین اسلام کے نور سے آراستہ کرنے اہم رول ادا کرتے ہوئے خاندانِ میرواعظان نے ناقابل فراموش خدمات انجام دیئے ہیں۔ پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے میر واعظ مولوی محمد احمد شاہ کے انتقال پر تعزیت کے لیے میر واعظ منزل کا دورہ کیا ۔ اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے، محبوبہ نے کہا ’’بدقسمتی ہے کہ لائن آف کنٹرول کے ذریعے منقسم خاندانوں کو ایک ساتھ ماتم کرنے کی اجازت نہیں دی گئی‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ میر واعظ خاندان کو اپنے غم کے وقت میں متحد ہونے کی اجازت ہونی چاہیے تھی۔انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن نے میرواعظ مولانا محمد یوسف شاہؒ کے فرزند میر واعظ محمد احمد شاہ کے اسلام آباد پاکستان میں انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے جملہ لواحقین و محبین سے تعزیت و تسلیت پیش کی ہے ۔ انجمن علماء احناف کے سربراہ پیرزادہ اخضر حسین نے مولانا محمد احمد شاہ کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اس سانحہ پر میرواعظ کشمیر مولوی عمر فاروق سے تعزیت کی۔کے علاوہ میرواعظ خاندان کے دیگر افراد خانہ سے ہمدردی کا اظہارِ کیا۔