ٹی آر سی کراسنگ کے قریب | سنڈے مارکیٹ میں گرینیڈ دھماکہ | 12شہری زخمی،2کو شدید چوٹیں آئیں، صورتحال فوراً معمول پر آگئی

Towseef
3 Min Read

عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر// سرینگر میں اتوار کوٹی آر سی کراسنگ کے قریب بھیڑ بھاڑ والے سنڈے مارکیٹ میں گرینیڈ دھماکہ ہوا جس سے کم از کم 12شہری زخمی ہوگئے۔ جن میں سے 10کو صدر ہسپتال میں داخل کیا گیا۔ تاہم ان سبھی کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔پولیس نے بتایا کہ گرینیڈ ٹی آر سی کھیل کے میدان کے باہر چنار کے درخت کے نزدیک اس وقت پھینکا گیا ،جب اس علاقے میں ہفتہ وار سنڈے مارکیٹ کے لیے خریداروں کا بہت زیادہ رش دیکھا جا رہا تھا۔پولیس نے بتایا، تمام زخمیوں کو علاج کے لیے ایس ایم ایچ ایس سپتال لے جایا گیا ۔انہوں نے کہاکہ بظاہر حملہ آور ہدف سے چوک گئے اور گرینیڈ زور دار دھماکے سے مصروف بازار میں پھٹ گیا جس سے کئی شہری زخمی ہو گئے۔انہوں نے کہا کہ کمک موقع پر بھیجی گئی ، جس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ۔پولیس نے بتایا”حملہ آوروں کو پکڑنے کی کوششیں جاری ہیں،” ۔جونہی دھماکہ ہوا تو سنڈے مارکیٹ میں افرا تفری پھیل گئی اور خو ف وہراس کے عالم میںلوگ بھاگنے لگے۔ لیکن پولیس نے افراتفری کی صورتحال پر فوراً قابو پایا اور لوگوں کو تحفظ کا یقن دلایا جس کے کچھ وقفے کے بعد بازار میں معمول کی صورتحال واپس لوٹ آئی اور لوگ ایک بار پھر خریداری کرنے میں مصروف ہوئے۔البتہ سنڈے مارکیٹ سے باہر آنے والوں کی جامہ تلاشیاں لی گئیں اور کئی مقامات پر ناکے لگا کر سکوٹروں اور موٹر سائیکلوں کی تلاشی تیز کی گئی۔صدر ہسپتال حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ 12زخمیوں کو لایا گیا جن میں 9کو معمولی چوٹیں آئی تھیں، جن کو داخل کر کے انکا علاج و معالجہ کیا گیا ۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ تمام زخمیوں کی حالت مستحکم ہے البتہ دو راہگیر ، جوشدید زخمی ہوئے تھے، کی سرجری کی گئی،جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔زخمیوں کی شناخت مصباح (17)دختر محمد امین تانترے نوگام سمبل، اذان کالو (17)، ولد جاوید احمد کالونورباغ، حبیب اللہ راتھر (50) ولد عبدالجبارکلوسہ بانڈی پورہ، الطاف احمد (21) ولد عبدالرشیدامشی پورہ شوپیان، فیض احمد (16) ولد فیاض احمد بیگ خانیار ، عمر فاروق ولد فاروق احمد بٹ پٹن، بائیں ہاتھ کی چوٹ کے ساتھ فیضان مشتاق (20) ولدمشتاق احمد صوفی پانپور،زاہد (19) ولد گلزار احمد وانیچیک پورہ کلاں نوگام، غلام محمد صوفی (55) ولد غلام احمدچھتہ بل اور سمیہ جان (45) دختر زبیر احمد لون نائد کدل شامل ہیں۔

Share This Article