عظمیٰ نیوز سروس +عارف بلوچ+عازم جان
سرینگر+اننت ناگ+بانڈی پورہ //وادی میں دو الگ الگ مسلح تصادم آرائیوں میں3ملی ٹینٹ ہلاک اور چار سیکورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔مہلوکین میں سیکورٹی فورسز کو انتہائی مطلوب کمانڈر بھی شامل ہے۔
سرینگر
جموں وکشمیر کی گرمائی راجدھانی سرینگر کے خانیار علاقے میں10 گھنٹے تک جاری رہنے والی جھڑپ میں لشکر کمانڈر مارا گیا ۔معلوم ہوا ہے کہ ابتدائی فائرنگ میں سیکورٹی فورسز کے چار اہلکار زخمی ہوئے ۔پولیس کے مطابق پائین شہر کے خانیار علاقے میں شیراز سنیما کے پیچھے کالونی میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے درمیانی شب علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔ ہفتے کی صبح جوں ہی سیکورٹی فورسز اہلکار مشتبہ رہائشی مکان کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کی چنانچہ سیکورٹی فورسز نے بھی جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران شدید گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی فائرنگ میں سی آر پی ایف اور ایس او جی کے چار اہلکار زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ گولیوں کا تبادلہ تھم جانے کے بعد سیکورٹی فورسز نے جائے تصادم کے نزدیک ملی ٹینٹ کی لاش برآمد کی جس کی بعد میں شناخت لشکر کمانڈر عثمان بھائی عرف ولید ساکن پاکستان کے بطور کی گئی ہے۔ اس تصادم آرائی میں ایک رہائشی مکان آگ لگنے سے تباہ ہوا۔سرینگر میں آخری تصادم 20 ستمبر 2022 کو نوگام کے علاقے میں ہوا تھا جس میں انصار غزوات الہند کے دو مقامی ملی ٹینٹ مارے گئے تھے۔
اننت ناگ
آئی جی پی کشمیر نے کہا کہ اننت ناگ ضلع کے ہلکان گلی، شانگس، لارنو علاقے کے ناہموار علاقے میںملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس، فوج اور سی آر پی ایف نے علاقے کا محاصرہ کیا۔ اس کے بعد ہونے والی فائرنگ کے تبادلے میں دو ملی ٹینٹ مارے گئے۔ وزرقاضی گنڈ ہیڈ کوارٹرمیں ایک مشترکہ پریس سے خطاب کرتے ہوئے، کمانڈر 2 سیکٹر آر آر بریگیڈیئر انیرودھ چوہان نے کہا کہ 8 اکتوبر کو، مارے گئے ملی ٹینٹوںمیں سے ایک ارباز میر، نے رائفل مین ہلال احمد کو ہلاک کر دیا تھا اور وہ ساتھی کے ساتھ کولگام فرار ہو گیا تھا۔ انہوں نے کہا ’’ہمیں ہلکان گلی، لارنو میں ان کی نقل و حرکت کی اطلاع ملی جس کے بعد فوج اور پولیس کی مشترکہ ٹیم نے آپریشن شروع کیا۔ملی ٹینٹوں کی نقل و حرکت دیکھی گئی اور انہیں فوجیوں نے چیلنج کیا،جس کے بعد شدید فائرنگ شروع ہو گئی‘‘۔فوجی افسر نے بتایا کہ مارے گئے ملی ٹینٹوں سے ایک امریکی ساختہ M-4 رائفل اور ایک اے کے رائفل کے علاوہ دیگر اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ ارباز میرایل او سی پار گیا تھا اور وہ پچھلے سال واپس آیا تھا۔ اس موقع پرڈی آئی جی جنوبی کشمیر جاوید احمد متو نے کہا کہ مارے گئے ملی ٹینٹوں کی شناخت زاہد احمد ریشی ساکن حسن پورہ بجبہاڑہ اور ارباز احمد میر ساکن کیموہ، کولگام کے طور پر ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوںحملوں کی ایک سیریز میں ملوث تھے جن میں غیر مقامی مزدوروں پر حملے بھی شامل تھے۔ ڈی آئی جی نے بتایا کہ علی الصبح ہلکان گلی کے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔ زاہد ریشی رواں سال اپریل میں غیر مقامی افراد کے قتل میں ملوث تھا اور پھر وہ ملی ٹینٹوں کی صفوں میں شامل ہو گیا۔ ارباز میر 2018 سے لاپتہ تھا، یہ دونوںبہت سے جرائم میں ملوث تھے۔”یہ پوچھے جانے پر کہ کیا کوئی تیسرا ملی ٹینٹ تھا، انہوں نے کہا کہ صرف دو کے بارے میں ان پٹ تھا اور دونوں مارے گئے۔واضح رہے کہ یہ تصادم شانگس اور لارنو کوکر ناگ کے درمیانی علاقے ہلکان گلی کیشوان کے جنگلات میں ہوا۔یہ علاقہ دوسری طرف کشتواڑ سے ملتا ہے۔حکام نے کہا کہ آپریشن میں پولیس کیساتھ19 آر آر اور 7پیرا کے علاوہ سی آر پی ایف بھی تھی۔
بانڈی پورہ
بانڈی پورہ ضلع میں بڑے پیمانے پر تلاشی مہم جاری ہے جہاں جمعہ کو دیر رات گئے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔فوج نے بتایا کہ جمعہ کی شام دیر گئے بانڈی پورہ کے پانار علاقے میں مشتبہ نقل و حرکت دیکھی گئی اور جب ملی ٹینٹوں کو چیلنج کیا گیا تو انہوں نے اندھا دھند فائرنگ کی اور جنگل میں فرار ہوگئے۔ فوج کی سرینگر میں واقع چنار کور نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ یکم نومبرکی دیر شام، پانار میں، الرٹ فوجیوں کے چیلنج کیے جانے پر ملی ٹینٹوں نے اندھا دھند فائرنگ کی اور جنگل میں فرار ہو گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ رات بھر سیکورٹی فورسز نے پانار کے پاس گذرنے والے نالہ مدھومتی کے دونوں اطراف کو محاصرے میں لے رکھا اور صبح سویرے بلال کالونی پانار سے ڈھائی کلومیٹر دور منتر گام پزل پورہ کے وسیع علاقے کو گھیرے میں لے کر ملی ٹینٹوںکو کھوجنے کے لئے تلاشی کارروائی شروع کی جودو بجے تک جاری تھی ۔پانار فوجی کیمپ کے متصل رہایشیوں نے بتایا ہے کوئی فائرنگ نہیں سنی بلکہ صبح سویرے جب نیند سے اٹھے تو فوجیوں کو گشت کرتے ہوئے دیکھا گیا ۔