جاوید اقبال
مینڈھر // فضیلہ سرور خان جنجوعہ کشمیر ایڈمنسٹریٹو سروس (KAS)کوالیفائی کرنے کے بعد پہلی مرتبہ مینڈھر پہنچی جہاں پر اہل خانہ و عام لوگوں نے شاندار استقبال کیا ۔سرحدی ضلع پونچھ کی تحصیل مینڈھر کے گاؤں اڑی میں محمد سرور خان جنجوعہ کے گھر جنم لینے والی فضیلہ سرور خان نے محنت ، لگن سے کئی ریکارڈ قائم کئے ہیں۔وہ جنجوعہ برادری سے پہلی خاتون ہیں جس کوکشمیر ایڈمنسٹریٹو سروس امتحان کوالیفائی کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔ علاوہ ازیں گورنمنٹ ڈگری کالج مینڈھر کی پہلی طالبہ جس نے پہلے پولیس سب انسپکٹر امتحان میںکامیابی حاصل کی اور اب کے اے ایس امتحان میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔ گرلز ہائی اسکول اڑی سے شروع ہوئے تعلیم کے اِس سفر جوکہ گورنمنٹ گرلز ہائر اسکینڈری اسکول مینڈھر، ڈگری کالج مینڈھر اور جموں یونیورسٹی کے شعبہ نباتیات(Botany)سے ایم ایس سی کرنے تک جاری رہا،میں ہرجگہ فضیلہ سرور خان کی محنت، لگن اور عزم ِ مصمم واضح نظر آتاہے۔ انہوں نے ایک مثال قائم کی ہے اور توقع ہے کہ آنے والے سالوں میںدور افتادہ علاقوں سے مزید بچیاں اس طرح کی کامیابی حاصل کریں گی ۔