عاصف بٹ
کشتواڑ//پورے ملک کے ساتھ ساتھ کشتواڑ ضلع میں بھی دیپاولی کا تہوار منایا جارہا ہے ۔تہوار کے موقع پر قصبہ کشتواڑ کے بازاروں میں زبردست گہماگہمی دیکھنے کو ملی اور لوگوں کا اژدھام بازار میں امنڈ آیاجنہوںنے جم کر خریداری کی ۔ دورراز علاقوں سے بھی آے بزرگ ، بچوں ، نوجوانوں و عورتوں نے قصبہ میں جم کر خریداری کی۔جہاں حلوائیوں نے اپنے دوکانوں کے اندر و باہر مختلف قسم کی مٹھائیاں سجائی ہوئی تھی وہیںدوکانوں کے باہر بھی کافی بھیڑ تھی۔بچوں نے کپڑوں و پٹاخوں کی خریداری کی جبکہ خاتون گھریلو دیگر اشیاء خریدنے میں مشغول تھیں ۔ تاجروں نے بھی گاہکوں کو اپنی طرف متوجہ کرنے کیلئے قیمتوں میں رعایت کی تھی۔ لوگوں نے گھروں کو روشنیوںسے سجایا ہواتھا۔ بس سٹینڈ سے لیکر شہیدی چوک تک جگہ جگہ پولیس و ٹریفک اہلکار موجود تھے جو ٹریفک کو فعال بنانے کی کوشش میں لگے تھے تاکہ عوام کو تکلیفوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔وہی ضلع انتظامیہ کی طرف سے بھی حفاظت کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور جگہ جگہ سیکورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔اس کے علاوہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے بھی نگاہ رکھی جارہی ہےتاکہ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔ انتظامیہ نے جہاں دیپاولی کو لیکر ایڈوائزری جاری کی ہے وہیں فائر سروس و جل شکتی ملازمین کو بھی تعینات کیا گیا ہے تاکہ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ رونمانہ ہو۔
ڈوگرہ صدر سبھا نے دیپاولی کا تہوار منایا
عظمیٰ نیوز سروس
جموں// ڈوگرہ صدر سبھا جموں و کشمیر اپنےصدر اور سابق وزیر گلچین سنگھ چاڑک کی رہنمائی میں سبھا بھون ڈوگرہ ہال جموں میں دیپاولی کا متحرک تہوار بڑی خوشی، اتحاد اور جوش و خروش کے ساتھ منایا۔ اس تقریب کو پوجا ارچنا نے روایتی رسومات اور اجتماعات کے ساتھ نشان زد کیا جس نے سبھا کے ممبران کو روشنیوں کے تہوار کو اتحاد کے جذبے سے منانے کے لیے اکٹھا کیا۔ تہواروں کا آغاز دیاوں کی روشنی اور دعائیہ تقریب سے ہوا، جس سے اس ڈگر پردیش کے تمام باشندوں میں امن، خوشحالی اور ہم آہنگی کو فروغ دیا گیا۔تقریب کا اختتام شمعیں روشن کرنے اور مٹھائیاں تقسیم کرنے سے ہوا۔