عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر میں4نومبر سے شروع ہونے والے اسمبلی سیشن کی تیاری کے سلسلے میں عمومی انتظامی محکمہ نے گاڑیوں کے داخلہ اور پارکنگ کے حوالے سے نئی ہدایات جاری کی ہیں۔حکم نامہ کے مطابق اسمبلی سیشن کے دوران پارکنگ کے انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے یہ اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔وزیر اعلیٰ، نائب وزیر اعلیٰ، وزراء اور اسمبلی کے اراکین کی گاڑیوں کو اسمبلی کمپلیکس میں مخصوص پارکنگ جگہوں پر پارک کرنا ہوگا۔ میڈیا اور اسمبلی کے عملے کی گاڑیوں کو سیکرٹریٹ کے اندر مخصوص جگہوں پر پارک کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اسی طرح، سیکورٹی محافظوں(اسکارٹ) گاڑیوں کو کشمیر ہاٹ (نمائش گاہ کمپلیکس) کے سامنے موجود پارکنگ کی جگہ میں رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔اس کے علاوہ، سیشن کے دوران سیکریٹریٹ کے احاطے میں افسران اور دیگر ملازمین کی ذاتی گاڑیوں کی داخلہ کی اجازت نہیں ہوگی۔ سیکرٹریٹ میں کام کرنے والے تمام افسران و ملازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (سیکورٹی) اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ٹریفک) کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ گاڑیوں کی آمد و رفت اور پارکنگ کو مؤثر طریقے سے منظم کیا جا سکے۔ انتظامی سیکرٹریوںسے بھی درخواست کی گئی ہے کہ وہ ان ہدایات کو اپنے متعلقہ محکموں میں کام کرنے والے تمام ملازمین تک پہنچائیں۔ یہ اقدامات سیکورٹی کو بہتر بنانے اور اسمبلی کے اہم اجلاس کے دوران نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے کیے گئے ہیں۔