عظمیٰ سپورٹس ڈیسک
لندن /فٹبال ایسوسی ایشن (ایف اے) نے مسلم فٹبالر اقرا اسماعیل کو اپنے مذہبی عقائد کے مطابق شارٹس کے بجائے ٹریک سوٹ باٹمز پہننے کے فیصلے کی وجہ سے لیگ میچ میں شرکت سے روکے جانے کے بعد معافی مانگ لی ہے۔ فٹ بالر اور کوچ اقرا اسماعیل کو ٹاور ہیملیٹس ایف سی کے خلاف گریٹر لندن ویمنز فٹ بال لیگ میچ میں یونائیٹڈ ڈریگنز کے ہاف ٹائم متبادل کے طور پر کھیل میں داخل ہونا تھا۔سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں اسماعیل نے بتایا کہ گریٹر لندن ویمنز فٹ بال لیگ نے ان کے مذہبی عقائد کی وجہ سے انہیں کھیلنے سے روک دیا تھا کیونکہ انہوں نے پلیئنگ کٹ کے ساتھ شارٹس پہننے سے انکار کر دیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ تقریباً پانچ سال سے لیگ میں ٹریک سوٹ باٹمز پہن کر کھیل رہی ہیں اور ہر سال ان جیسی خواتین کے لئے کھیلنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ایف اے نے اس کے بعد اسماعیل سے معافی مانگی ہے اور اسے بتایا ہے کہ اگلی بار جب وہ کھیلے گی تو اسے ٹریک سوٹ باٹمز پہننے کی اجازت ہوگی۔ مڈل سیکس ایف اے کے ترجمان کی جانب سے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا گیا کہ ’ہم اس معاملے سے آگاہ ہیں اور ہم متعلقہ ایف اے اور لیگ سے رابطے میں ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ اسے جلد حل کیا جائے۔