عظمیٰ ویب ڈیسک
نرمدا// وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کے روز کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام نے علیحدگی پسندی اور دہشت گردی کو مسترد کر دیا ہے، جس سے بھارتی آئین اور جمہوریت کی کامیابی ثابت ہوئی ہے۔
گجرات کے کیواڑیا میں یوم قومی اتحاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا، “جموں و کشمیر کے عوام نے 70 سالہ پرانے علیحدگی اور دہشت گردی کے ایجنڈے کو ترک کر دیا ہے۔ انہوں نے بھارتی آئین اور جمہوریت کو سرخرو کر دیا ہے۔ آج کے دن، یوم قومی اتحاد کے موقع پر، میں جموں و کشمیر کے عوام کو سلام پیش کرتا ہوں”۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے سرغنہ اب سمجھ چکے ہیں کہ بھارت کو نقصان پہنچانے کی کوششیں بے سود ہیں اور بھارت انہیں بخشے گا نہیں۔
وزیر اعظم نے آئین کے نام پر سیاست کرنے والے افراد پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 70 سالوں سے ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے آئین کو مکمل طور پر نافذ نہیں کیا گیا، اور اس کی وجہ “آرٹیکل 370 کی دیوار” تھی جسے ہمیشہ کے لیے ختم کر دیا گیا ہے۔
یوم قومی اتحاد کے موقع پر نریندر مودی نے کہا کہ پورے ملک نے ایک آئین کا خواب پورا ہوتا دیکھا۔