دفعہ 370 ہمیشہ کیلئے دفن، کانگریس 7 دہائیوں تک پورے ملک میں آئین نافذ نہیں کر سکی: مودی

Mazar Khan
3 Min Read

عظمیٰ ویب ڈیسک

گجرات// وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کے روز اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 70 سال تک بابا صاحب امبیڈکر کے آئین کو پورے ملک میں مکمل طور پر نافذ نہیں کیا گیا اور آئین کا نام لینے والوں نے اس کی توہین کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں “دفعہ 370 کی دیوار” اس ناکامی کی وجہ تھی، جو اب ہمیشہ کے لیے دفن ہوچکی ہے۔
نیشنل یونٹی ڈے کے موقع پر گجرات کے کیواڈیا میں پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا، “آج پورا ملک خوش ہے کہ آزادی کے سات دہائیوں بعد ایک ملک، ایک آئین کا خواب پورا ہوگیا۔ یہ سردار صاحب کو میرا سب سے بڑا خراج تحسین ہے۔ ان 70 سالوں میں بابا صاحب امبیڈکر کے آئین کو پورے ملک میں نافذ نہیں کیا گیا۔ آئین کا نام لینے والوں نے اس کی توہین کی ہے”۔
انہوں نے مزید کہا کہ آرٹیکل 370 کی دیوار جموں و کشمیر میں حائل تھی، لیکن اب یہ ہمیشہ کے لیے دفن ہوچکی ہے۔ پہلی بار بغیر کسی تفریق کے وہاں انتخابات ہوئے ہیں، اور وہاں کے وزیر اعلیٰ نے آئینِ ہند پر حلف اٹھایا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ یہ منظر بھارتی آئین کے بانیوں کے لیے اطمینان بخش ہوگا اور ان کی روح کو سکون ملے گا۔
وزیر اعظم مودی نے ہر بھارتی سے اپیل کی کہ قومی یکجہتی اور سالمیت کی کوششوں کو جوش و خروش سے منائیں۔ انہوں نے قومی زبانوں کے فروغ کو یکجہتی کا ذریعہ قرار دیا اور نئی تعلیمی پالیسی کو اس عزم کی مثال بتایا۔
وزیر اعظم نے دیوالی کے موقع پر دنیا بھر کے بھارتیوں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اس بار دیوالی اور قومی یکجہتی کا تہوار اکٹھے منائے جا رہے ہیں، جس سے بھارت اور دنیا میں یکجہتی کو فروغ مل رہا ہے۔
سردار ولبھ بھائی پٹیل کی سالگرہ کو 31 اکتوبر کو نیشنل یونٹی ڈے یا راشٹریہ ایکتا دوس کے طور پر منایا جاتا ہے۔

Share This Article