عظمیٰ نیوز ڈیسک
نئی دہلی//کچھ روز قبل ممبئی کے باندرہ ٹرمینس پر اس وقت حادثہ پیش آیا تھا جب ٹرین پر چڑھنے کے دوارن بھگدڑ مچ گئی تھی۔ اس حادثہ میں کچھ لوگ شدید زخمی ہو گئے تھے۔ اس طرح کے حادثوں سے بچنے اور ٹرین و پلیٹ فارم پر بھیڑ کو کنٹرول کرنے کے لئے مغربی ریلوے نے ایک نیا حکم جاری کیا ہے۔ محکمہ ریلوے کے مطابق اگر مسافروں کا سامان اس کے متعلقہ ٹریول کلاس کے لئے قابل قبول اور مقررہ حد سے زیادہ ہوگا تو اس پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ ساتھ ہی محکمہ ریلوے نے لوگوں سے ریلوے اسٹیشنوں پر بھیڑ نہ لگانے کی اپیل بھی کی ہے۔مغربی ریلوے نے 29اکتوبر کو جاری کردہ ایک اشتہار میں کہا کہ ریلوے اپنے ہر ایک مسافر کو اپنے سفر کے دوران ایک متعینہ مقدار میں ہی مفت سامان لے جانے کی اجازت دیتا ہے لیکن اسکوٹر اور سائیکل جیسے سامانوں سمیت 100سینٹی میٹر کی لمبائی، 100سینٹی میٹر کی چوڑائی اور 70سینٹی میٹر کی اونچائی سے بڑے سائز کے سامان کو مفت لے جانے کی اجازت نہیں ہوتی۔