سمت بھارگو
راجوری//حالیہ ملی ٹینسی کے واقعات اور جموں و کشمیر میں ملی ٹینسی کی سرگرمیوں میں اضافے کے پیش نظر درجنوں ملی ٹینٹوں کے ایل او سی کے ساتھ لانچ پیڈ پر کیمپ لگانے کے خدشے کے پیش نظر فوج نے راجوری اور پونچھ اضلاع میں لائن آف کنٹرول پر دن کے ساتھ ساتھ رات کی چوکسی بڑھا دی ہے۔لائن آف کنٹرو ل ہندوستان اور پی او جے کے کے درمیان ایک انتہائی حساس مقام ہے اور خاص طور پر دراندازی کی کوششوں کے معاملے میں پریشان رہتا ہے۔حال ہی میں اکھنور بٹل میں ایک تصادم ہوا جس میں تین ملی ٹینٹوں کو ابتدائی طور پر فوجی قافلے پر گھات لگانے کی کوشش کرنے کے بعد فورسز نے مار گرایا۔اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ہندوستانی فوج نے ملی ٹینٹوں کی دراندازی کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کے لئے ایل او سی پر چوکسی بڑھا دی ہے۔ایل او سی پر فوج کے جوانوں نے دن اور رات کے گشت میں اضافہ کیا ہے اس کے علاوہ ملی ٹینٹوںکی طرف سے نصب کردہ کسی بھی آئی ای ڈی کا پتہ لگانے اور اُسے دھماکے سے اڑانے کے لئے آئی ای ڈی کا پتہ لگانے کے اقدامات کو بڑھایا ہے۔موجودہ صورتحال کے پیش نظر ایل او سی پر اس نگرانی کو برقرار رکھنے کے لئے فوج جدید تکنیکی آلات جیسے جدید دوربین، نائٹ ویڑن ڈیوائسز کی خدمات بھی استعمال کر رہی ہے۔اس سے پہلے، منگل کو ایک سینئر فوجی افسر نے آنے والے دنوں میں دراندازی کی کوششوں کے بارے میں مطلع کیا تھا کہ پچاس سے زیادہ ملی ٹینٹ جموں صوبے کے لانچنگ پیڈ پر دراندازی کے منتظر ہیں۔